سعودی عرب کے شاہ سلمان کی جانب سے ملک کے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں کورونا وائرس مریضوں کے مفت علاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیرصحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعاع نے ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران شاہ سلمان کا حکم پڑھتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے کورونا وائرس کے شکار تمام افراد، چاہے وہ سعودی شہری ہوں یا غیرملکی، سب کا مفت علاج کیا جائے گا۔
سعودی عرب کے وزیرصحت کی جانب سے پریس کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ وہ افراد جو سعودی عرب میں غیرقانونی طور مقیم ہیں ان کا بھی ملک کے نجی و سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج کیا جائے گا۔
دبئی میں کورونا وائرس کے خلاف ڈرونز کا استعمال شروع
اسرائیل میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد میں بڑا اضافہ
ان کا کہنا تھا کہ شاہی فرمان کا مقصد سعودی عرب کے شہریوں اور دیگر مقیم افراد کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی ہیومن رائٹس کمیشن کے صدر عواد بن صالح العواد نے شاہ سلمان کے فرمان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سعودی بادشاہت کی اس وبا سے نمٹنے کے دوران انسانی و اخلاقی اپروچ کا اظہار ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کا بغیر کسی امتیاز کے اعلیٰ ترین طبی معیار کے مطابق علاج ہو۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد آٹھ ہو چکی ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1453 ہے۔