اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان کے نئے سرکاری نقشے کی منظوری دے دی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کی گئی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر کابینہ اراکین نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کا نوٹس لینا چاہیے۔
اجلاس میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی تعینای کی منظوری بھی دی گئی، اسی طرح نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی سمیت گیس کی تقسیم کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
ادارہ جاتی اصلاحات کے متعق ہونے والی پیش رفت کے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت آئی ٹی کے ماتحت یو ایس ایف کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگیوں پر بھی اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں ارکان کو گیس کی تقسیم کے منصوبوں اور اقتصادی ترقی اور معاشی اعشاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔