سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پارٹی میں خوف اور جھجھک ختم ہو گیا ہے، نواز شریف نے کھل کر اپنی تقریر میں باتیں کی ہیں۔
سی ای سی کے اجلاس کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس دینے والے مولانا فضل الرحمان سے ڈر گئے تھے، ان کا خیال تھا کہ اپوزیشن کی چھوٹی موٹی اے پی سی ہوگی اور حزب اختلاف اکتوبر، نومبر تک چپ کر کے بیٹھی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریر سے زیادہ سخت موقف ہمارا کیا ہوسکتا ہے؟ اس سے حکومت سخت دباؤ میں آ گئی ہے۔
نیب میں ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرے، شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نیب کو چیلنج کیا ہے کہ اس میں ہمت ہے تو انہیں گرفتار کرے، وہ پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب دو نمبر کام کرتا ہے، یہ صرف مخالفین کو دبانے کا طریقہ ہے، تحریک آگے چلے گی، احتجاج ہوگا اور پھر لانگ مارچ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے ساتھ فائنل رائونڈ کھیلنے جا رہے ہیں، اس دوران نوازشریف کی تقریر بھی ہوگی، ہماری کوشش ہے یہ تقریر لائیو ہو جائے۔
نیب کانے دجال کا کردار ادا کر رہا ہے، احسن اقبال
اس موقع پر احسن اقبال نے نیب کو کانا دجال قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب ایک آنکھ سے محروم ہے، اس کی دوسری آنکھ صرف اپوزیشن کو دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم سے سوال پوچھا کہ 72 سالوں سے 55 روپے پر فروخت ہونے والی چینی کی قیمت 115 کیسے ہو گئی؟ 35 روپے کلو بکنے والا آٹا 80 روپے کا کیوں ہو گیا؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بدترین معاشی و سیاسی بحران میں دھکیل دیا ہے، کورونا کے باعث معیشت کی کمر ٹوٹ چکی ہے، اقتصادی بحالی کے بجائے حکومت نے سیاسی محاذ کھول لیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اے پی سی کے بعد نیب ہمارے رہنماؤں کو نوٹس بھیج رہا ہے، اب تو بچے کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ نیب کا حکومت سے گٹھ جوڑ ہے۔