نیویارک: امریکی ریاست اوٹا میں ٹک ٹاک فیملی نے 89 سالہ غریب پیزا ڈیلیوری ڈرائیور کو بڑی رقم دے کر حیران کر دیا۔
اوٹا کے رہائشی ڈرلن نیوی کو اس وقت حیرت کا شدید جھٹکا لگا جب ان کے گاہکوں کی جانب سے انہیں 12 ہزار ڈالر کا چیک موصول ہوا ۔
خوشی کے ان لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے کے لیے سی این این کی ٹیم بھی وہاں پہنچی۔
نیوز ایجنسی کے مطابق ویلڈز فیملی نے پیزا ڈیلیور کرنے والے ڈرائیور کے حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں انوکھا سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا۔
ویلڈز کے مطابق وہ ہمیشہ ڈرلن کے ذریعے ہی پیزا آرڈر کرتے تھے اور اکثر اوقات ڈرلن کی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر پوسٹ کر دیتے تھے۔ حیرت انگیز طور پر ڈرلن ان کے 53000 فالورز میں مقبول ہونے لگے۔
لوگ عمر رسیدہ ہونے کے باوجود محنت کر کے کمانے پر ڈرلن کو پسند کرنے لگے۔ ویلڈز کے فالوورز اکثر ان سے سوال پوچھتے کہ پیزا ڈرائیور کو اِس عمر میں کیوں کام کرنا پڑ رہا ہے۔
ویلڈز نے ان کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک انوکھا فیصلہ کیا اور اپنے فالورز سے ڈرلن کی مدد کے لیے چندے کی درخواست کی۔ دیکھتے ہی دیکھتے 12 ہزار اکھٹے ہوگئے۔
ویلڈز نے جب مطلوبہ رقم کا چیک ڈرلن کو تھمایا تو وہ خوشی سے رو پڑے۔
ایک ایسے پلیٹ فارم جس کو ڈرلن جانتے بھی نہیں تھے سے مدد کا ملنا ان کے لیے حیرت کا باعث بنا۔
سی این این سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا وہ پچھلے کئی سالوں سے پاپا جونز کے ساتھ پیزا ڈلیوری کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ویلڈز کی جانب سے مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ویلڈز کا کہنا ہے کہ ڈرلن کے لیے اس سے بہتر سرپرائز کوئی نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے ڈرلن کی مدد کرنے کا خوشی کااظہار کیا۔
فیملی نے ڈرلن کے سرپرائز کو مزہد خوبصورت بنانے کے لیے انہیں ایک شرٹ بطور تحفہ دی جس پر ڈرلن کا روزانہ بولے جانے والا جملہ درج تھا۔
“ہیلو! کیا آپ کو پیزا چاہیے”