پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل نیلم منیر میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
گزشتہ دو دنوں سے اداکارہ نیلم منیر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم اب انہوں نے خود اس کی تصدیق کر دی ہے۔
اداکارہ نے انسٹا گرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس پر انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
انہوں نے خود میں کورونا کی تشخیص کو اپنے اور اہل خانہ کیلئے مشکل وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دیگر تمام اہل خانہ ٹھیک ہیں، ان میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی۔
نیلم منیر نے لکھا کہ تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود وہ وبا کا شکار ہوگئیں۔
اداکارہ نے کورونا کو خطرناک وبا قرار دیتے ہوئے مداحوں کو تمام حفاظتی تدابیر اپنانے کی تلقین کی اور کہا کہ ہر کسی کو فیس ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔
نیلم منیر کا کہنا تھا کہ ان میں کورونا کی بڑی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں، وہ خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے جلد صحت یابی کی دعا کیلئے درخواست بھی کی۔
انہوں نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ زیادہ رش والی جگہوں پر نہ جائیں، اور اپنا مدافعتی نظام مضبوط بنا کر اس وبا سے محفوظ رہیں۔
اداکارہ کی جانب سے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دیئے جانے کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کیلئے دعائیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے، اسی طرح ساتھی اداکاروں نے بھی ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
خیال رہے نیلم منیر سے قبل متعدد اداکار کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، رواں ماہ دسمبر میں بہروز سبزواری بھی کرونا کا شکار ہوئے تھے، اور انہیں طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بہروز سبزواری سے قبل پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔
اسی طرح کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔