اسلام آباد (عمران مگھرانہ)اسلام آباد ریڈ زون میں ہونے والے مختلف احتجاج کے دوران 5 برسوں میں 1 ارب 35 کروڑ روپے کے اخراجات آئے۔ ریڈ زون میں مختلف احتجاج کے دوران افواج، ایف سی، رینجرز، پولیس اہلکاروں کی بیرکوں سے ناکوں پر ڈیوٹی کے مقامات پر منتقلی، آ ئی سی ٹی میں امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کے دوران مزید وی وی آئی پی سیکیورٹی ڈیوٹیاں اور تعینات کردہ ایف سی، پولیس اہلکاروں کی خوارک فراہمی اور آ نسو گیس وغیرہ پر آ نے والے اخراجات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال 20-2019 میں احتجاج کے دوران 15 کروڑ 77 لاکھ روپے کے اخراجات آ ئے۔مالی سال 21-2020 میں 9 کروڑ 61 لاکھ روپے احتجاج کے دوارن اخراجات ہوئے۔ مالی سال 22۔2021 کے دروان ہونے والے ریڈ زون میں مختلف احتجاج پر 27 کروڑ80 لاکھ روپے کے اخراجات آ ئے۔ قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ اخراجات مالی سال 23-2022 کے دوران اٹھے۔ سال 23-2022 میں رڈزون میں ہونے والے مختلف احتجاج کے دوران 72 کروڑ 40 لاکھ روپے کے اخراجات آ ئے۔ مالی سال 25۔2024 کے دوران 10 کروڑ روپے کے اخراجات آ ئے۔
