بھارتی جریدے دی ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک تاریخی تبدیلی کے طور پر بھارتی فضائیہ (IAF) کے دو بہترین انسٹرکٹرز جلد ہی برطانیہ میں رائل ایئر فورس (RAF) کے فائٹر پائلٹس کو تربیت دیں گے۔
یہ دونوں IAF انسٹرکٹرز ویلز کے شمال مغربی ساحل کے قریب اینگلسی جزیرے پر واقع RAF ویلی کے نمبر 4 فلائنگ ٹریننگ اسکول میں اُن RAF ایئرکرو افسران کو تربیت دیں گے جو اپنی فلائنگ ٹریننگ مکمل کر رہے ہیں۔
RAF کے ایک سینئر ذریعے نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا ہے کہ شروع ہونے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، تاہم یہ اکتوبر 2026 سے پہلے نہیں ہوگا ۔ برطانیہ میں واقفیت اور تربیت ایک سال یا اس سے کم وقت میں مکمل ہو سکتی ہے پھر بھی یہ سب تجربے پر منحصر ہے۔
یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ان انسٹرکٹرز کی تنخواہ بھارت ادا کرے گا جبکہ برطانوی وزارتِ دفاع رہائش فراہم کرے گی۔
یہی اسکول برطانیہ کے اگلی نسل کے فائٹر پائلٹس کو BAE Hawk TMk2 پر تربیت دیتا ہے۔ بھارت سے آنے والے دو Hawk کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹرز تین سال تک اینگلسی میں تعینات رہیں گے۔ یہ جدید جیٹ ٹرینر اُن پائلٹس کے لیے بنیادی تربیتی مرحلہ فراہم کرتا ہے جو بعد میں ٹائیفون (Typhoon) اور F-35 جیسے فرنٹ لائن طیاروں پر اڑان بھرتے ہیں۔
RAF کے ایک ذریعے کے مطابق، IAF انسٹرکٹرز کو برطانیہ لانے کا منصوبہ بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کی ایک نئی پالیسی کا حصہ ہے، جو وسیع تر برطانوی فوجی اور سیاسی مقاصد کی بھی حمایت کرتا ہے۔
یہ معاہدہ گزشتہ ہفتے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے ممبئی کے دورے کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا، جب £350 ملین (پاؤنڈ) کا دفاعی معاہدہ طے پایا، جس کے تحت برطانیہ بھارت کی فوج کو ہلکے وزن کے ملٹی رول میزائل فراہم کرے گا۔
جدید فوجی طیاروں کی عالمی فہرست (World Directory of Modern Military Aircraft) کے مطابق بھارت ،امریکہ اور روس کے بعد دنیا کی تیسری سب سے طاقتور فضائیہ رکھتا ہے جبکہ برطانیہ آٹھویں نمبر پر ہے۔
RAF کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ بھارتی کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹرز (QFIs) کی برطانیہ کے تربیتی نظام میں شمولیت دونوں ممالک کے لیے دفاعی تعلقات کے لحاظ سے متعدد فوائد رکھتی ہے۔
ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور باہمی اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، جو عالمی معیار کی فلائنگ ٹریننگ کے میدان میں ایک مشترکہ کوشش ہے۔ بین الاقوامی تربیت کاروں اور تربیت حاصل کرنے والوں کے درمیان معلومات کا تبادلہ تکنیک، حربوں اور طریقہ کار کے باہمی اشتراک کا باعث بنتا ہے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل سے10مئی تک جاری رہنے والے معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو دھول چٹا دی تھی ۔ اس دوران پاکستانی مسلح افواج نے 26 بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، براہموس میزائل ذخائر اور ایس 400 سسٹمز کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔جبکہ پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 7 طیارے بھی تباہ کیے تھے ۔