ہفتے کے روز (18 اکتوبر) ایئر چائنا کی ایک پرواز کو اُس وقت ہنگامی طور پر لینڈنگ کرنا پڑی جب جہاز کے اوپر والے سامان رکھنے والے حصے (اوور ہیڈ بن) میں موجود ایک لیتھیئم بیٹری میں آگ لگ گئی۔
یہ پرواز، نمبر CA139، صبح 9 بج کر 47 منٹ پر ہانگژو شیاوشان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی اور 12 بج کر 20 منٹ پر انچیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جنوبی کوریا) پہنچنے والی تھی۔تاہم، بیٹری میں آگ لگنے کے باعث جہاز کو شنگھائی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایئر چائنا نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ایک مسافر کے ہینڈ کیری بیگ میں رکھی لیتھیئم بیٹری اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ میں خود بخود آگ پکڑ گئی۔ آگ کے مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
ایئرلائن کے مطابق، عملے نے فوری کارروائی کی اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم پرواز کو غیر مجوزہ ہنگامی لینڈنگ شنگھائی پُڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرنی پڑی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسی ماہ ایمرٹس ایئرلائن نے ایسے ہی حادثات کے پیش نظر پروازوں کے دوران پاور بینک کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔ مسافروں کو اب بھی 100 واٹ آور (Wh) سے کم صلاحیت والا ایک پاور بینک ساتھ لے جانے کی اجازت ہے، مگر اسے دورانِ پرواز استعمال یا چارج نہیں کیا جا سکتا۔
ایئرلائن کے مطابق، یہ فیصلہ محفوظ پروازوں کے تقاضوں کے تحت کیا گیا کیونکہ لیتھیئم بیٹریوں سے متعلق پروازوں میں ایسے حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔