’’باغاں وچوں میں تے توڑے تیرے لئی گلاب وے، میں تے بس کہندا رہندا آب جناب وے‘‘— لاہور کے ننھے موسیقاروں نے ایسی محفل جمائی کہ گورا بھی جھومنے پر مجبور ہوگیا۔
چھوٹے چھوٹے بچے، سامنے ہارمونیم اور انگلیاں ایسی رواں جیسے بجلی کوند رہی ہو، جبکہ سُروں پر گرفت نے سننے والوں کو حیران کر دیا۔ لاہور کی سُرتال اکیڈمی کے بچوں کی ایک شادی کی تقریب میں پرفارمنس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
انسٹاگرام پر اس پرفارمنس کو پانچ کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ 10 ہزار سے زیادہ کمنٹس میں پاکستانی موسیقی کے چرچے ہو رہے ہیں۔ صارفین کی بڑی تعداد ایک ہی بات دہراتی نظر آئی کہ ’’جب میوزک کی بات ہو تو پاکستان پر بات ختم ہوتی ہے۔‘‘
ویڈیو میں بچوں کے ساتھ موجود ناروے سے تعلق رکھنے والے ولیم بھی پاکستانی دھنوں کے سحر سے نہ بچ سکے اور محفل میں جھومتے دکھائی دیے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تقریباً پانچ گھنٹے طویل موسیقی کی محفل تھی، مگر اس میں سُرتال اکیڈمی کے کم عمر فنکاروں کی پرفارمنس نے انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ توجہ سمیٹ لی۔
خصوصاً ہارمونیم بجانے والے بچوں کی برق رفتار انگلیاں، لے اور سُر پر غیر معمولی گرفت سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر رہی ہے۔ پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کے صارفین ویڈیو پر تبصرے کر رہے ہیں اور پاکستانی موسیقی، کلاسیکی تربیت اور ان ننھے فنکاروں کے ٹیلنٹ کو سراہ رہے ہیں۔
ایک شادی کی محفل، چند ننھے فنکار اور پاکستانی سُروں کا جادو— لاہور کی سُرتال اکیڈمی کی یہ پرفارمنس اب سرحدوں سے نکل کر دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کو جھومنے پر مجبور کر رہی ہے۔
