سمیرا سلیم کا بلاگ
وزیر داخلہ محسن نقوی کے سسٹم کولیپس کے بیان کے بعد سے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ سنجیدہ ہوتا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی مخالفت اور سندھ اسمبلی میں تقسیمِ سندھ کی مخالفت میں قرارداد منظور ہونے کے باوجود اب ایسا لگ رہا ہے کہ جلد ہی اٹھائیسویں ترمیم کے ذریعے یہ بیڑا پار لگایا جائے گا اور 12 صوبے بن جائیں گے۔
ن لیگ کی صورتحال گومگو کا شکار ہے۔ کہیں نئے صوبوں کے حق میں بات کی جا رہی ہے تو کہیں بعض وزراء نئی سازشوں کی باتیں بھی کر رہے ہیں۔ خاص طور پر خواجہ آصف کے سازش سے متعلق بیان کے بعد یہ واضح ہو جاتا ہے کہ حکمران جماعت کو کسی نئی سیاسی الائنمنٹ کی بھنک پڑ چکی ہے۔ کیونکہ صوبوں کے معاملے پر تحریک انصاف کا بھی وہی مؤقف رہا ہے جو مقتدرہ کا ہے، تو یوں یہ وہ واحد معاملہ ہے جس پر کہا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف اور عسکری قیادت سیم پیج پر ہیں۔ لہٰذا ن لیگ کی پریشانی اپنی جگہ بجا ہے کہ ان کو لانے والے گڈ گورننس کے لیے جو منجن تیار کر رہے ہیں، اس میں کہیں تحریک انصاف ہی ان کی حصے دار نہ بن جائے۔
تلخ حقیقت تو یہی ہے کہ موجودہ نظام تو پٹ چکا ہے اور موجودہ ہائبرڈ نظام کے حامی اب کوئی میک اوور کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے اب نہ صرف نئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا بلکہ گورننس کو بہتر بنانے کے نام پر نئے سیاسی و انتظامی سیٹ اپ پر بھی کام جاری ہے، جس میں ن لیگ کو اپنا شیئر کم ہونے کا خطرہ دکھائی دے رہا ہے۔
سیاستدان تو اپنے اپنے ایک پاؤ گوشت کے لیے پورا اونٹ ذبح کرنے کو تیار رہتے ہیں، مگر عام آدمی یہ جاننا چاہتا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کا بننا کیوں ضروری ہے اور کیا نئے صوبے ان کے مسائل کو حل کر سکیں گے؟ اسی طرح جو نیا سیاسی سیٹ اپ بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے، وہ قدرے مختلف اور بہتر پرفارم کر پائے گا؟
تقسیمِ ہند کے وقت بھارت کی 9 ریاستیں تھیں، جو آج لگ بھگ 28 ہو چکی ہیں۔ بھارت اس وقت آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ اگر بھارت کی آبادی کو دیکھا جائے تو شاید اتنی ہی ریاستیں مزید بن سکتی ہیں۔ دوسرا بڑا آبادی والا ہمارا ہمسایہ ملک چین ہے اور اس میں 23 صوبے اور کئی خودمختار ریاستیں ہیں، جبکہ روس میں 89 وفاقی اکائیاں ہیں۔
ان ممالک میں گورننس اور عوامی نمائندگی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا ریاستیں بنائی جاتی رہیں۔ بھارت میں لسانی اور نسلی بنیاد پر ریاستیں بنائی گئیں اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں۔ صوبہ بلوچستان، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سب اپنی اپنی ثقافت اور زبان رکھتے ہیں۔ اگر چند صوبے دیگر بسنے والی قوموں اور زبانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بن بھی جائیں تو آخر کیا حرج ہے؟
بھارت نے لسانی و ثقافتی بنیادوں پر صوبے بڑھائے، جن میں آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور گجرات، تامل ناڈو، ہریانہ، پنجاب اور 2014 میں تلنگانہ جیسی ریاست شامل ہے۔ مگر اصل مسئلہ لسانی یا نسلی بنیادوں پر صوبوں کا نہیں بلکہ عام آدمی تک وسائل اور سروسز کی ڈلیوری کا ہے۔
صوبے چاہے جتنے بھی بنا لیں، نیا سیاسی سیٹ اپ بھی لے آئیں یا کوئی نیا نظام، جب تک آپ لوکل باڈیز کو مضبوط نہیں کریں گے اور یورپ کی طرز پر اختیارات ضلعی حکومتوں یا نچلی سطح تک ٹرانسفر نہیں کریں گے، تب تک عام پاکستانی کو کوئی فائدہ پہنچنے والا نہیں۔ دہائیوں سے مسلط حکمران اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہیں اور وہ وسائل، اختیارات اور فنڈز نچلی سطح تک منتقل کرنا نہیں چاہتے، جس کی سب سے بڑی مثال بلدیاتی انتخابات کا بار بار ملتوی ہونا ہے۔
سیاستدان اس وقت نئے سیٹ اپ کا حصہ بننے کے لیے اپنی پروفائل مقتدرہ کے سامنے بہتر کرنے میں لگے ہیں تاکہ اپنا حصہ لے سکیں۔ الیکشن 2024 میں جو کچھ ہوا، اس کے بعد عوام کی جو تھوڑی سی پرواہ ان سیاستدانوں میں رہ گئی تھی، وہ بھی ختم ہوگئی۔ اب ان کی ساری توجہ طاقت کے مرکز کی خوشنودی حاصل کرنے پر ہے، جہاں سے اقتدار کی شیرینی تقسیم ہوتی ہے۔
عوام کو لوکل گورنمنٹ کا نظام چاہیے یا نئے صوبے، حکمران اشرافیہ کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کی غرض فقط اقتدار میں اپنے اپنے حصے سے ہے۔ من مرضی کا حصہ مل گیا تو سب لائن میں لگ کر ووٹ دیں گے۔
