سمیرا سلیم کی تحریر
پاکستان میں سیاسی ماحول میں بڑی بڑی تبدیلیوں کی خبریں سرگرم ہیں اور اسی سیاسی گرما گرمی اور گہما گہمی پر لکھنا چاہ رہی تھی، مگر اخبار کے اوراق پلٹتے ہی نظر ایک ایسی خبر پر پڑی کہ دل بوجھل ہو گیا ہے۔
شہرِ اقتدار میں ایف آئی اے کے ایک سینئر افسر کے سرکاری گھر میں 13 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ، جس کا نام فاطمہ اصغر بتایا گیا ہے، کو تشدد کر کے قتل کر دیا گیا۔ اتنا مارا پیٹا گیا کہ نازک جسم ان زخموں اور چوٹوں کی تاب ہی نہ لا سکا۔ یہ درندگی ایک ایسے اعلیٰ افسر کے گھر پر ہوئی جنہیں ہم اپنی جان و مال کا رکھوالا سمجھتے ہیں۔
اس اندوہناک واقعے میں بہت سے سوالات ذہن میں ابھرتے ہیں کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے گھر 13 سالہ بچی بطور ملازمہ کیوں تھی؟ کیا انہیں معلوم نہ تھا کہ کمسن بچی سے گھریلو کام کاج کرانا چائلڈ لیبر کے زمرے میں آتا ہے؟ سروس کے اتنے سالوں میں کسی نے اس قانون کے بارے میں کوئی آگاہی نہ دی؟ جن کا کام قانون کی پاسداری تھا، جب وہ خود پامالی پر اتر آئیں تو شہری کس کے پاس جا کر فریاد کریں گے؟
پاکستان میں اس وقت تقریباً 86 لاکھ بچے جبری مشقت کرنے پر مجبور ہیں۔ انہی میں سے ایک فاطمہ تھی، جسے افسر کی دوہری شہریت کی حامل اہلیہ نے مبینہ طور پر تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔
دارالحکومت میں یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ سال 2017 میں طیبہ تشدد کیس منظرِ عام پر آیا تھا، جس میں ایک جج اور ان کی اہلیہ مجرم قرار پائے اور انہیں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ 2023 میں ایک سول جج کی اہلیہ نے گھر میں کام کرنے والی کمسن بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اب فاطمہ ایک طاقتور افسر کی بیوی کے ہاتھوں جان سے چلی گئی۔ شاید یہ شوہر کے اختیارات کی طاقت کا نشہ ہے کہ وہ کچھ بھی کریں، کوئی انہیں ہاتھ نہیں لگا سکتا۔
خبر کے مطابق ایف آئی اے افسر کی بیوی اور قاری، جو ان کے گھر ملازم تھا، دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ افسر صاحب خود بیرونِ ملک یاترا پر ہیں۔ تاہم رپورٹ کے مطابق انہیں صرف عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی بچی کو ڈنڈوں سے مارے جانے کا خوفناک انکشاف ہوا ہے۔ ان سب ثبوتوں کے باوجود بڑا سوال یہ ہے کہ کیا یہ مجرم کیفرِ کردار تک پہنچیں گے؟
جس ملک کی نصف آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہو، جہاں ہر تیسرا گریجویٹ بے روزگار ہو اور بے روزگار افراد کی مجموعی تعداد 80 لاکھ ہو، تو وہاں والدین کو دوش دیا جائے یا ریاست کو؟
غربت اس نہج تک لے آئی ہے کہ میڈیا میں ایسے بہت سے واقعات رپورٹ ہونے کے باوجود والدین اب بھی اپنے بچوں اور بچیوں کو خطرات میں ڈالنے سے باز نہیں آ رہے۔ ہر روز ایسے دل دہلا دینے والے واقعات بھی انہیں نہیں جھنجھوڑ رہے کہ اپنی بچی کی لاش اٹھانے سے بہتر ہے کہ اسے گھر میں دو وقت کی نہیں تو ایک وقت کی روٹی پر زندہ رکھا جائے۔
جس ملک میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر سزا کی شرح صرف 0.7 فیصد ہو، خدارا وہاں اپنے بچوں کی جان کو رسک پر نہ لگائیں۔ بچوں کو پیدا ہونے کی اتنی بڑی سزا نہ دیں کہ وہ تشدد زدہ نام لیے قبر میں جا سوئیں۔
