کالم / سمیرا سلیم
سابق وزیراعظم عمران خان، جو اگست 2023 سے اڈیالہ کے اسیر ہیں، اب بے قابو بلڈ پریشر کے مسئلے سے لڑ رہے ہیں، اور ہفتہ قبل انہوں نے ملک کے اعلیٰ ترین ججوں کے نام ایک کھلا خط لکھا، جس میں یہ دعویٰ کیا کہ فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں وہ جیل سے شاید زندہ واپس نہ آ سکیں۔ ان کے ذاتی معالج کا بھی کہنا ہے کہ عمران خان کے دل کو پہنچنے والے نقصان سے بچانے کے لیے فوری طبی مدد درکار ہے۔ اب اپوزیشن لیڈرز نے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد کے چیف جسٹس صاحبان کے نام چٹھی لکھی ہے، جس میں خان کے علاج کی استدعا کی گئی ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا ان چٹھیوں سے خان کو ریلیف ملے گا؟
یہ رواں برس فروری کی بات ہے جب دنیائے کرکٹ کے 14 عظیم کھلاڑیوں نے کپتان عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے نام چٹھی لکھی، مگر کچھ نہ ہوا۔ ایک بار پھر نظام کو شرم دلانے کے لیے 23 اگست کو 22 سابق بین الاقوامی کپتانوں نے وزیراعظم کو ایک اور خط لکھا، جس میں کپتان عمران خان کے طبی علاج کے لیے اپیل کی گئی، پھر بھی نظام میں کوئی حرکت نہ ہوئی۔ اب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیوڈ گاور نے برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں عمران خان کے ساتھ کیے جانے والے غیر انسانی سلوک کے معاملے میں مداخلت کریں۔ برطانیہ کا سابق کپتان کہہ رہا ہے کہ پاکستانی حکومت کو بتاؤ کہ ’’وہ جو کچھ ایک قومی ہیرو کے ساتھ کر رہی ہے، وہ گناہ ہے۔‘‘
اس سے بڑی رسوائی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ دنیا کے عظیم کرکٹرز اور بڑے نام موجودہ نظام کو بارہا یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے ہیرو کی بے توقیری مت کرو، جو غیر انسانی سلوک آپ کر رہے ہو، وہ گناہ ہے۔ خان صاحب کے معاملے میں تو ہمسایہ ملک بھارت سے بھی آوازیں اٹھیں، جن میں سنیل گواسکر اور کپل دیو نمایاں ہیں۔ بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ، جو خود بھی سابق کرکٹر اور پنجابی فلموں کے معروف اداکار ہیں، نے تو یہاں تک کہا کہ کاش ان کے پاس اتنی طاقت ہوتی کہ وہ عمران خان کو جیل سے نکال کر بھارت لے آتے، اور ایک موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ایسا اسٹار کھلاڑی بھارت میں پیدا ہوتا تو وہ اسے بادشاہ بنا کر رکھتے۔ لیکن طاقت کے اس نظام نے دنیائے کرکٹ کے لیجنڈز کے خطوط کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔ عدالتیں بھی عمران خان کے انتہائی تشویش ناک خط پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
سندھ کی تقسیم کے منصوبے نے بلاول بھٹو زرداری کو بھی سچ بولنے پر مجبور کر دیا ہے کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں۔ نظام اس سیاسی قیدی سے اتنا خوفزدہ ہے کہ اسے عمران خان کے نام کی تختی بھی برداشت نہیں ہو رہی۔ دہشت گردی ختم کرنے کے نام پر خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگا کر اب سارا زور تجاوزات کی آڑ میں عمران خان کے پراجیکٹس کی تختیاں اور بل بورڈز اکھاڑنے میں لگا ہوا ہے۔ اب تو اسٹیڈیم کا نام بھی تبدیل کر دیا ہے، حالانکہ جب سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اسٹیڈیم کا نام خان کے نام پر رکھا تھا تو عمران خان کو یہ بات پسند نہیں آئی تھی اور انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ حکمرانوں کی انا یہ بات تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ عمران خان کرکٹ کی دنیا کا وہ ستارہ ہے جسے تختیوں کی ضرورت نہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جیل میں بیٹھ کر بھی وہ اس نظام کے حواس پر سوار ہے۔
جہاں تک ان خطوط کی بات ہے تو ایک بات تو طے ہے کہ عمران خان کو ان چٹھیوں کے ذریعے انصاف نہیں ملنے والا۔ یہ ضرور ہے کہ ان خطوط کے ذریعے عالمی دباؤ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی عمران خان کی قیدِ تنہائی اور طبی امداد کے حوالے سے گزشتہ دنوں آواز اٹھائی ہے۔ حکومت لمحہ موجود میں بظاہر ان چیزوں کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی، مگر مستقبل میں یہ سب عوامل مل کر حکومت کے لیے سیاسی و سفارتی چیلنجز پیدا کر سکتے ہیں۔
عمران خان کے کیسز کو عدالتوں میں جس طرح ڈیل کیا جا رہا ہے، اس سے نہیں لگتا کہ مستقبل قریب میں وہاں سے انہیں کوئی ریلیف ملے گا۔ یہاں انصاف کے حصول کے لیے ضروری لوازمات پورے کرنے ہوتے ہیں، پھر نظام انصاف دینے خود ایئرپورٹ بھی پہنچ جاتا ہے۔ فی الحال خان کی جانب سے ایسی کوئی آمادگی ظاہر نہیں ہوئی۔ جہاں تک وزیراعظم شہباز شریف کو خطوط لکھنے سے امیدیں وابستہ کر لی گئی ہیں تو وہ لوگ شاید بھول گئے کہ جس وزیراعظم کی بات اس کی اپنی کابینہ کے وزراء سنجیدگی سے نہیں لیتے، وہ چاہے بھی تو اپنے حریف کے لیے کیا کر سکتا ہے۔
اب عمران خان کے معاملے پر اگرچہ عالمی دباؤ بڑھ رہا ہے، مگر اس نظام کی ایک خاصیت اپنی غلطیوں پر اصرار ہے، جبکہ تاریخ یہی بتاتی ہے کہ قومیں غلطیوں سے نہیں، ان پر اصرار سے تباہ ہوتی ہیں۔ مگر ہمارا تاریخ سے کیا لینا دینا۔ قرائن یہی بتاتے ہیں کہ طاقت کے اس کھیل میں، جب تک نظام کے سب مہرے بکھر نہیں جاتے، خان کے لیے انصاف ممکن نہیں۔
