کالم: سمیرا سلیم
رجیم چینج آپریشن کے بعد جو نظام وجود میں آیا ہے، اس نے قوم کو جہاں مہنگائی اور بے روزگاری کا تحفہ دیا ہے، وہیں اس سیٹ اَپ کی پالیسیوں اور غلط فیصلہ سازی کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ زراعت کسان کے لیے خسارے کا سودا بن چکی ہے۔ گندم کے بعد اب گنے کی باری ہے۔ گنے کی فصل پک کر تیار کھڑی ہے اور پنجاب کے بیشتر حصوں میں کرشنگ کی تاریخ گزر جانے کے بعد بھی شروع نہیں ہو سکی، اور جن چند ایک ملز نے کرشنگ کا آغاز کیا ہے، انہوں نے کسانوں کے استحصال میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
گنے کے کاشتکاروں کے مطابق رواں برس گنے کا ریٹ 325 سے 350 روپے کے درمیان دیا جا رہا ہے، جو گزشتہ برس کی نسبت تقریباً 100 روپے کم ہے۔ مختلف علاقوں میں یہ ریٹ معمولی فرق سے مختلف ہو سکتا ہے۔ حالانکہ گنے کی پیداواری لاگت کو سامنے رکھتے ہوئے گنے کی فی من 700 روپے امدادی قیمت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ کسان سے 325 روپے فی من گنا خریدا جائے تو منافع تو دور کی بات، ان کی حقیقی لاگت بھی پوری نہیں ہوتی۔
ایک عام کسان سال بھر کی محنت کے بعد بمشکل 700 سے 800 من فی ایکڑ اوسط پیداوار لیتا ہے، جبکہ ایک ایکڑ پر خرچ 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زیادہ آتا ہے، جس میں صرف کھاد اور زرعی ادویات کا خرچ ہی 1 لاکھ 50 ہزار روپے سے زیادہ ہے۔ بیج، اسے لگوانے کی مزدوری، سارا سال نہری و ٹیوب ویل کے پانی کا خرچ اور مہنگی بجلی کے بل کے اخراجات الگ ہیں۔ 325 روپے فی من وہ ریٹ ہے جو کسان کو گنا مل کے گیٹ تک پہنچانے پر ملتا ہے۔ اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ ملوں کے مالک سیٹھ کسان سے نان ورائٹی اور چھلائی وغیرہ کے نام پر مزید کٹوتیاں کرتے ہیں۔ اس کے بعد کسان اپنی فصلوں کو آگ نہ لگائیں تو کیا کریں؟
جب سے یہ حکومت آئی ہے، کسانوں کا معاشی قتل عام جاری ہے۔ ان کی پالیسیوں کے باعث کسان اتحاد کے مطابق گندم کے کاشتکار کو دو سالوں میں 22 سو ارب اور گنے کے کاشتکار کو 370 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ حکومت انہیں مفت یا سستی بجلی دیتی ہے اور نہ ہی کھاد اور بیج پر کسی قسم کی سبسڈی کی سہولت کسان کو حاصل ہے۔ دوسری طرف شوگر ملز مالکان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہے میں ہے۔ کبھی فاضل چینی کو ایکسپورٹ کے نام پر کماتے ہیں، پھر مقامی طور پر چینی کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھا کر بھی اربوں روپے کی دیہاڑی لگائی جاتی ہے۔
نومبر اپنے اختتام کے قریب ہے اور سینکڑوں ٹرالیاں ملوں کے گیٹ پر بے یار و مددگار کھڑی ہیں، مگر حکومت کی رِٹ کہیں نظر نہیں آ رہی۔ اس کی بڑی وجہ ان ملز مالکان کا سیاسی اثر و رسوخ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پارلیمنٹیرینز اور کارپوریٹ لیڈرز کی ایک بڑی تعداد اس بزنس سے منسلک ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر آنے والی حکومت تک آزادانہ رسائی سے لطف اندوز ہوتی رہی ہے۔ پاکستان گنے اور اس کی بائی پروڈکٹس کا ایک بڑا پیداواری ملک ہونے کے باوجود ہر سال لاکھوں ٹن چینی امپورٹ ایکسپورٹ کے شاطرانہ کھیل کے میدان کا حصہ بنا ہوا ہے۔
شوگر ملز مالکان کے مفادات کی بات ہو تو پھر چینی ایکسپورٹ کرنے کے لیے حکومت سمری سرکولیٹ کرنے کی زحمت بھی نہیں کرتی اور قواعد و ضوابط کو پسِ پشت ڈال کر شوگر مافیا کو اجازت دے دیتی ہے۔ ابھی جو آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط لینے کے لیے وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز پھرتی دکھاتے ہوئے چینی کے شعبے کی ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دی ہے، اس کی کہانی بھی سن لیں۔
عوام کو یہ تاثر دیا گیا ہے کہ چینی اب حکومتی گرفت سے آزاد ہو گئی ہے، جبکہ ایسا نہیں ہے۔ حکومت کی چینی کی ایکسپورٹ پر گرفت برقرار رہے گی۔ ایک نظرثانی کمیٹی برآمدی چینی کے کوٹے کا تعین کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے نئی پالیسی کے تحت چینی کے شعبے کو مکمل طور پر ضوابط سے آزاد نہیں کیا، بلکہ وفاقی حکومت نے برآمدات پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہے اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کردار بدستور فعال رہے گا۔
ابھی تک آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے کے لیے صرف پالیسی کی منظوری کا عمل مکمل کیا گیا ہے اور گنے سے متعلق قوانین کو ختم کرنے کے لیے کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی گئی۔ اس سے آپ پاورفل شوگر مافیا کی سسٹم پر گرفت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
