اسلام آباد (مریم حسین سے )امریکیوں کے لیے بڑی خوش خبری کہ فیڈرل حکومت نے اب یہ نئی ایڈوائس جاری کی ہے کہ اگر آپ ویکسین لگوا چکے ہیں تو پھر آپ کو مزید نہ ماسک پہننے کی ضرورت ہے اور نہ ہی سوشل ڈسٹینس (سماجی فاصلہ) رکھنے کی ضرورت ہے۔ اب آپ دوبارہ سے اپنی نارمل زندگی گزار سکتے ہیں جیسے آپ کورونا وائرس سے پہلے گزار رہے تھے۔ امریکیوں کے لیے یہ خبر خوشگوار حیرت بن کر آئی ہے کیونکہ ابھی بھی امریکن کو کہا جارہا تھا کہ وہ ماسک کے بغیر باہر نہ نکلیں چاہے انہوں نے ویکسین لگوا بھی لی ہے اور سماجی فاصلہ کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے۔ لیکن اب امریکی اخبارنیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ فیڈرل حکام نے اب یہ نیا حکم نامہ یا ایڈوائس دے دی ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے ویکسین کی مکمل ڈوز لگوا لی ہیں انہیں اب مزید ماسک پہننے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ اب گلے مل سکتے ہیں، ہاتھ ملا سکتے ہیں اور کہیں باہر کیفے یا ریسٹورنٹس پر بھی بیٹھ سکتے ہیں۔ یوں امریکہ دو بارہ سے نارمل ہورہا ہے۔
امریکہ میں تقریبا چالیس فیصد سے زائد لوگ ویکسین لگوا چکے ہیں اور روزانہ لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ اب وہ لوگ جو ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ بھی اب شاید فوری طور پر ویکسین لگوانے کا سوچیں گے تاکہ وہ بھی باقی لوگوں کی طرح ماسک سے جان چھڑا کر نارمل لائف گزار سکیں ۔ تاہم ابھی بھی کچھ لوگ سوالات پوچھ رہے ہیں کہ اس کا تعین کیسے ہوگا کہ کس نے ویکسین لگوائی ہوئی ہے لہذا وہ ماسک کے بغیر باہر نکل سکتا ہے۔ اس کو چیک کرنے کا کیا طریقہ ہوگا یا پھر وہ اپنے ساتھ ویکسین کارڈ جیب میں لے کر پھرے گا اور چیک کرنے پر دکھا سکے گا۔ بہرحال بہت سارے امریکیوں نے اس نیوز پر سکھ کا سانس لیا ہے کیونکہ ان کا خیال ہے اس کا مطلب ہے اب یہ وائرس ختم ہورہا تھا اور وہ دوبارہ اپنی نارمل زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ ایک سرکاری اندازے کے مطابق روزانہ امریکہ میں 21لاکھ لوگ ویکسین لگوا رہے ہیں جو کہ کچھ ہفتے پہلے تک یہ تعداد 33 لاکھ روزانہ تھی جس کا مطلب ہے ویکسین لگوانے کی رفتار کچھ سست ہوئی ہے لیکن اب ماسک ہٹانے والی خبر کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ دوبارہ لوگ ویکسین لگوانے کی طرف متوجہ ہوں گے۔