اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ جمعے کو جوڈیشل مجسٹریٹ کوئٹہ نے محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ پاکستان کی صدر کے انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار بننے کے بعد محمود اچکزئی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔ اس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ان کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
اس واقعے کے بعد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی اور اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف حقائق بیان کرنے پر محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضلعی انتظامیہ کے درج مقدمے میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ جاری کیے ہیں اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ محمود خان اچکزئی کو گرفتار کر کے 27 اپریل کو پیش کیا جائے۔
محمود خان اچکزئی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تشکیل دیے گئے اتحاد کے سربراہ بھی ہیں۔





