لاہور(نیوز ڈیسک )لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلو پارک گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دے دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کیلئے آج شام 5 بجے تک درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کل جلو پارک گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دے دی۔ ضلعی انتظامیہ نے 44 ایس او پیز کے ساتھ پی ٹی آئی کوجلسے کی اجازت دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق پی ٹی آئی کا جلسہ 21 ستمبر کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اور اپوزیشن لیڈراحمد خان بھچر کی ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسہ 7 بجے ختم کرنے کی شرط عائد کی گئی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر نے جلسہ رات 11 بجے ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کے وقت کے حتمی تعین کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا۔





