اکثر کام کے دوران بارش ہو جائے تو سڑک پر موجود افراد کے لیے منزل پر پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ایسا ہی کچھ ایک خاتون کے ساتھ ہوا جس نے بارش کی وجہ سے ایک دکان کے اندر پناہ لی اور اس قیام نے اسے کروڑوں روپے کا مالک بنا دیا۔
چین کے صوبے یوننان کے علاقے Yuxi میں ایک خاتون کے ساتھ ایسا ہوا۔
اس خاتون (ان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) باہر سڑک پر موجود تھی جب اچانک شدید بارش شروع ہوگئی اور وہ پانی سے کپڑوں کو بچانے کے لیے ایک لاٹری ٹکٹ فروخت کرنے والی دکان میں داخل ہوگئیں۔
خاتون نے وقت گزاری کے لیے دکان کے مالک سے پوچھا کہ کیا اس کے پاس اسکریچ کارڈز ہیں؟
خاتون نے کہا کہ ‘چونکہ اب میں بارش کے باعث یہاں پھنس گئی ہوں، تو کیوں نہ کچھ دیر لاٹری کھیل لوں۔
ہفتہ وار یا ماہانہ لکی ڈرا کے برعکس اسکریچ کارڈز میں لوگوں کو انعامات فوری طور پر جیتنے کا موقع ملتا ہے۔
اس خاتون نے 30 لاٹری ٹکٹ خریدیں جن کی مجموعی مالیت 900 یوآن تھی۔
اس نے ان ٹکٹوں کو اسکریچ کرنا شروع کیا اور چھٹے کارڈ پر ہی 10 لاکھ یوآن (لگ بھگ 4 کروڑ پاکستانی روپے) جیت لیے۔
خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ‘اس وقت میرے ہاتھ پیر اچانک بہت کمزور ہو گئے، میں نے کبھی خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ بارش کا پانی میری قسمت کو اس طرح بدل دے گا’۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کبھار اس طرح کے اسکریچ کارڈز خریدتی تھی اور اس خوش قسمت دن دوپہر کا کھانا کھا کر نکلی تھی جب بارش شروع ہوگئی۔
یہ انعام جیتنے کے بعد خاتون نے دکان کے مالک کو پیسوں سے بھرا ایک لفافہ اور ایک ریشمی بینر شکر گزاری کے اظہار کے لیے دیا۔
خاتون نے اس خبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھی شناخت چھپانے کی درخواست کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ انعامی رقم کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کرنا چاہتی بلکہ ماضی کی طرح سر جھکا کر زندگی گزارنا چاہتی ہیں اور اپنے کام کو بدستور جاری رکھیں گی۔