بھارت کے مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان نے پیر کے روز آئی آئی ایس ای آر بھوپال میں سائنس کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’رائٹ برادرز کے ہوائی جہاز ایجاد کرنے سے بہت پہلے ہمارے پاس پشپک وِمان موجود تھا۔‘‘
یہ بیان ایک دن بعد سامنے آیا جب ہمیرپور کے رکن پارلیمان اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ ’’بھگوان ہنومان خلا میں جانے والے پہلے انسان تھے۔‘‘
یاد رہے کہ اورویل اور ولبُر رائٹ کی پہلی کامیاب طاقت سے چلنے والی پرواز رائٹ فلائر کے ذریعے 1903 میں امریکہ میں ہوئی تھی۔
چوہان اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے بیانات دے چکے ہیں۔ آخری بار انہوں نے پشپک وِمان کا ذکر اُس وقت کیا تھا جب وہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ تھے۔
چوہان نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (IISER) میں دعویٰ کیا کہ قدیم بھارت مہابھارت کے دور میں ٹیکنالوجی کے لحاظ سے کافی ترقی یافتہ تھا۔ انہوں نے کہا: ’’ڈروونز اور میزائل جو آج ہمارے پاس ہیں، وہ ہمیں ہزاروں سال پہلے ہی حاصل تھے، ہم یہ سب مہابھارت میں پڑھتے آئے ہیں۔ ہمارا ملک سائنس اور ٹیکنالوجی کی مد میں ہزاروں سال پہلے ہی سے ترقی یافتہ تھے۔
اپنے خطاب میںوزیر نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے ہونہار دماغوں کو ملک کے اندر ہی رہنا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوان پروفیشنلز پر زور دیا کہ وہ بیرونِ ملک جانے کے بجائے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ دنیا کے بڑے ٹیکنالوجی مراکز جیسے سلیکون ویلی میں اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد بھارتی ہیں۔ چوہان نے فارغ التحصیل طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مہارت کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔
دوسری جانب بھارتی وزیر زراعت کے اس بیان پر پورے بھارت میں شدید رد عمل سامنے آرہا ہے ۔ ان کے بیان پر تنقید کی جا رہی ہے اور اس بیان کے حوالے سے ان کا مذاق بھی اڑایا جا رہا ہے ۔