لیٹوین پولیس نے ایک بڑے آن لائن سائبر کرائم نیٹ ورک کو ختم کر دیا ہے جس نے پورے یورپ میں ہزاروں متاثرین کو دھوکہ دیا اور جو موبائل نیٹ ورکس کے ذریعے فشنگ حملوں کو ممکن بناتا تھا، تاکہ فراڈ، اکاؤنٹس کی ہیکنگ اور اسناد و مالیاتی ڈیٹا کی چوری جیسے جرائم کیے جا سکیں
یہ کارروائی اُس وقت ہوئی جب امریکی خفیہ سروس نے نیویارک میں ایک چینی آپریٹڈ نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، جس میں 300 سے زائد سرورز اور 1 لاکھ سم کارڈز مختلف مقامات پر استعمال کیے جا رہے تھے، تاکہ جعلی سوشل میڈیا پروفائلز بنا کر کچھ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی مقبولیت بڑھائی جا سکے۔
حکام نے یورپی نیٹ ورک کو 3ہزار 2سو سے زائد فراڈ کے مقدمات سے جوڑا ہے، جن میں سرمایہ کاری کے فراڈ اور جعلی ہنگامی صورتحال شامل ہیں، جن کے باعث آسٹریا میں 53 لاکھ ڈالر اور لٹویا میں 4.9لاکھ ڈالر کے نقصان ہوئے۔
یوروپول کی یہ کارروائی، جسے SIMCARTEL کا نام دیا گیا، کے نتیجے میں سات افراد کو گرفتار کیا گیا اور 1ہزار 2سو سم باکس ڈیوائسز جن میں64ہزارفعال سم کارڈز تھے، ضبط کر لیے گئے۔
یہ آپریشن 10 اکتوبر کو لٹویا میں کیا گیا، جس کے دوران 26 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے مزید سم کارڈز، پانچ سرورز، دو ویب سائٹس، چار لگژری گاڑیاں، اور 8.38لاکھ ڈالر کے منجمد بینک و کرپٹو کرنسی اکاؤنٹس برآمد ہوئے۔
یہ مجرمانہ نیٹ ورک اور اس کا انفراسٹرکچر تکنیکی طور پر انتہائی پیچیدہ تھا اور اس نے دنیا بھر میں مجرموں کو اس سم-باکس سروس کا استعمال کرتے ہوئے مواصلاتی نوعیت کے مختلف سائبر جرائم اور دیگر جرائم انجام دینے کے قابل بنایا۔ اس مجرمانہ نیٹ ورک کی جانب سے بنائی گئی آن لائن سروس نے 80 سے زائد ممالک کے افراد کے نام پر رجسٹرڈ ٹیلی فون نمبروں کی پیشکش کی تاکہ انہیں جرائم میں استعمال کیا جا سکے۔ اس سے مجرمین کو سوشل میڈیا اور مواصلاتی پلیٹ فارمز پر جعلی اکاؤنٹس قائم کرنے کی سہولت ملتی تھی، جنہیں بعد ازاں ایسے سائبر جرائم میں استعمال کیا جاتا تھا جن میں مجرمین کی حقیقی شناخت اور مقام کو پوشیدہ رکھا جاتا تھا۔
فِشنگ (Phishing) اور سمِشنگ (Smishing) وہ طریقے ہیں جو مجرم متاثرین کے ای میل اور بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
فِشنگ ایک سائبر جرم ہے جس میں حملہ آور خود کو کسی قابلِ اعتماد ذریعے (جیسے ای میل، کال، ٹیکسٹ یا ویب سائٹ) کے طور پر ظاہر کرتے ہیں تاکہ حساس معلومات جیسے پاس ورڈز، بینک کی تفصیلات یا کریڈٹ کارڈ نمبر چرائیں۔ یہ اکثر شناخت کی چوری، مالی نقصان یا میل ویئر انفیکشنز کا سبب بنتا ہے۔
سمِشنگ، فِشنگ کی ایک قسم ہے جو ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے انجام دی جاتی ہے، جنہیں عام طور پر کسی معتبر ادارے کی طرف سے ہنگامی اطلاع ظاہر کر کے بھیجا جاتا ہے تاکہ متاثرہ شخص کو کسی نقصان دہ لنک پر کلک کرنے یا ذاتی معلومات شیئر کرنے پر اُکسایا جا سکے۔
اس مجرمانہ سروس کے ذریعے کیے جانے والے دیگر جرائم میں فراڈ، بھتہ خوری، غیرقانونی تارکینِ وطن کی اسمگلنگ اور بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد کی ترسیل شامل ہے۔
یہ مربوط کارروائی اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ "سم فارمز” (SIM Farms) دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہے ہیں، جو سائبر مجرموں کو موبائل نیٹ ورک کے ذریعے دھوکہ دہی اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
گزشتہ ماہ امریکی خفیہ سروس نے نیویارک سٹی کے علاقے میں ایک ایسے ہی نیٹ ورک کو ختم کیا، جس میں 300 سے زائد سرورز اور 1 لاکھ سم کارڈز مختلف مقامات پر استعمال ہو رہے تھے جو مختلف جرائم سمیت کچھ سوشل میڈیا انفلوسنرز کی مقبولیت بڑھا نے کا کام کرتے تھے ۔





