سعودی عرب، جو پاکستان کا قریبی اتحادی ملک ہے، ہر سال ہزاروں پاکستانیوں کو تعلیم، ملازمت اور پروفیشنل مواقع فراہم کرتا ہے۔
وژن 2030 کے تحت سعودی حکومت نے ویزا پالیسیوں کو مزید آسان بنا دیا ہے جس سے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنا پہلے سے کئی گنا آسان ہو گیا ہے۔ خاص طور پر ہنر مند مزدور اور پروفیشنلز کے لیے نئی سہولیات متعارف ہوئی ہیں۔
حال ہی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چئیرمین رانا مشہود احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کو اس وقت پاکستان سے 12 لاکھ افراد مختلف نوکریوں کے لیے درکار ہیں جن میں وائٹ، گرے اور بلیو کالر کی کٹیگریز کی تمام نوکریاں شامل ہیں۔
وائٹ کالر جابز
یہ ملازمتیں عام طور پر دفتری ماحول میں ہوتی ہیں اور زیادہ تر ذہنی یا انتظامی کام سے وابستہ ہوتی ہیں۔ جیسا کہ ڈاکٹر، وکیل، اکاؤنٹنٹ، سافٹ ویئر انجیینئر، مینیجر، مارکیٹنگ پروفیشنلز وغیرہ۔
بلیو کالر جابز
یہ ملازمتیں زیادہ تر جسمانی محنت یا ہنر سے وابستہ ہوتی ہیں اور عام طور پر فیکٹریوں، ورکشاپس یا باہر کے ماحول میں ہوتی ہیں۔ مکینک، الیکٹریشن، پلمبر، تعمیراتی کارکن، فیکٹری ورکر، ڈرائیور وغیرہ۔
گرے کالر جابز
یہ ملازمتیں وائٹ اور بلیو کالر جابز کے درمیان ایک ہائبرڈ کیٹیگری ہیں جو دونوں قسم کے کاموں کے عناصر کو ملاتی ہیں۔ یہ اکثر ایسی ملازمتیں ہوتی ہیں جن میں تکنیکی مہارت کے ساتھ ساتھ کچھ انتظامی یا کسٹمر سروس سے متعلق کام بھی شامل ہوتا ہے۔
آئی ٹی ٹیکنیشن، ہیلتھ کیئر اسسٹنٹ، سیکیورٹی گارڈ، فائر فائٹر، کسٹمر سروس ایجنٹ جو تکنیکی سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ ملازمتیں ان کیٹیگریز کے درمیان لچکدار ہو سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک سوفٹ ویئر ٹیکنیشن گرے کالر جاب ہو سکتا ہے کیونکہ اس میں تکنیکی اور دفتری دونوں طرح کا کام شامل ہوتا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہنر کی تصدیق کے پروگرام (ایس وی پی) نے پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں۔
نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ایس وی پی معاہدے پر دستخط کرنے والا پہلا ملک ہے جو یکم جولائی 2021 سے نافذ العمل ہے۔
اس پروگرام کا مقصد سعودی عرب کی لیبر مارکیٹ کو منظم کرنا ہے اور اب پاکستانی سمیت دیگر ایشیائی ملکوں کے ہنرمند کارکنوں کے لیے سعودی عرب جانے سے قبل تکامل سعودی عرب کی جانب سے ہنر کی تصدیق لازمی ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے کن شعبوں میں نوکریوں کے مواقع دستیاب ہیں؟ آئیے جانتے ہیں۔
80 سے زائد شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے نوکریوں کے مواقع موجود ہیں۔ ان میں الیکٹریشن، پلمبنگ، ویلڈنگ، ایچ وی اے سی مکینک، آٹو الیکٹریشن، مکینیکل، آٹو مکینکس، کنسٹرکشن اینڈ بلڈنگ، کارپینٹری، ہیوی ایکوپمنٹ ٹیکنیشن، پلاسٹرنگ، ٹائلنگ، پینٹنگ، کار باڈی ریپیئر، بلیک سمتھ کنسٹرکشن/سٹیل فکسر، مشینری مینٹیننس، بلڈنگ الیکٹریشن، پلمبر، پائپ انسٹالر، شیف، فوڈ اینڈ بیوریجز، باربر، ٹیلر، سکافولڈ لیبرر، سیلر، کنکریٹ فینشر، جپسوم ورکر، پاور لائن آپریٹر، کار ڈرائیور، ٹیکسی ڈرائیور، بس ڈرائیور، ٹرک ڈرائیور، روف کلینر، گیس سٹیشن اٹینڈنٹ، ہیئر ڈریسر، بیکر، بچر، فاسٹ فوڈ میکر، لانڈری مین، نیل کیئر اسپیشلسٹ، روڈ مینٹیننس ورکر، لوڈ اینڈ ان لوڈ ورکر، آفسز اینڈ فیسیلیٹیز کلیننگ ورکر، ہاسپٹل کلینر، گارڈن کلیننگ ورکر، کچن ہیلپر، باریسٹا، ٹرانسپورٹ بائیک ورکر اور ویئر ہاؤس ورکر شامل ہیں۔



