**متحدہ عرب امارات کے نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی ریان ملہن نے سینیگال کے شہر ڈاکار میں جاری یوتھ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرلیا۔**
16 سالہ ریان ملہن نے جمعرات کو کھیلے گئے فائنل میں فرانس کے کھلاڑی میڈی سو کو 17-21 اور 18-21 سے شکست دے کر متحدہ عرب امارات کے لیے یوتھ اولمپکس کا پہلا طلائی تمغہ جیتا۔
ریان کی یہ تاریخی کامیابی چین کے شہر چینگڈو میں ہونے والی بیڈمنٹن ایشیا انڈر 17 اور انڈر 15 جونیئر چیمپئن شپ 2026 میں سنگلز کا گولڈ میڈل جیتنے کے صرف ایک ماہ بعد سامنے آئی ہے۔
یوتھ اولمپکس میں ریان نے گروپ مرحلے کے تمام مقابلوں میں سویڈن، یونان اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں کو شکست دی۔ اس کے بعد کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ اور سیمی فائنل میں چین کے کھلاڑی کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
دبئی میں بھارتی والدین کے ہاں پیدا ہونے والے ریان ملہن نے ڈاکار میں شاندار کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے انتہائی خاص لمحہ ہے اور وہ ملنے والے مواقع پر شکر گزار ہیں۔
خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایشین چیمپئن شپ اور اب یوتھ اولمپکس میں کامیابی ایسے دو لمحات ہیں جنہیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان دونوں تجربات سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور یہ سب کچھ خاندان، کوچز اور ان کا ساتھ دینے والے افراد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
ریان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات کا سر فخر سے بلند کرنے میں کامیاب ہوئے اور مستقبل میں بھی سیکھنے، محنت کرنے اور مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
متحدہ عرب امارات بیڈمنٹن فیڈریشن نے بھی نوجوان کھلاڑی کی تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریان نے فائنل سمیت اپنے تمام 6 میچز جیتے اور ایک بھی گیم نہیں ہاری۔
فیڈریشن کے مطابق یہ کامیابی لگن، نظم و ضبط، محنت اور عزم کا نتیجہ ہے۔ ریان، ان کے کوچز، معاون ٹیم اور اس کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد مبارک باد کے مستحق ہیں۔
ریان نے گزشتہ ماہ جونیئر ورلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے سنگلز مقابلوں میں بھی پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
اسی چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں بھی ریان نے اہم کردار ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے ایشیا کی مضبوط ٹیم بھارت کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ میں اپنی تاریخ کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کی۔
ریان کی کامیابی کو متحدہ عرب امارات بیڈمنٹن فیڈریشن کے نچلی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے شروع کیے گئے پروگراموں کا ثمر قرار دیا جا رہا ہے۔
ریان نے ایشین چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد کہا تھا کہ یہ ان کے لیے بہت خوشی کی بات ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات نے اس سے پہلے بیڈمنٹن میں ایسا کارنامہ انجام نہیں دیا تھا۔ تاہم اب ملک اس کھیل میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2024 میں بھی چین کے شہر چینگڈو میں ہونے والے مقابلوں میں انہوں نے انڈر 15 کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر متحدہ عرب امارات کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔

