تحریر: رانا اشرف
بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کی کوئی مجبوری ہے؟
جب سے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، ہر مہینے بعد ایک نئی کہانی سامنے آتی ہے کہ جیل میں خان صاحب سے ریلیف مانگا جا رہا ہے، ان کی منتیں کی جا رہی ہیں اور انہیں کسی نہ کسی طرح راضی کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ کہانی ساز نئی نئی کہانیاں اور سیاسی قلابازیاں سنا کر صرف ویوز اور ڈالر کمانے میں مصروف ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ خان صاحب آج بھی اپنی اہلیہ سمیت جیل میں ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کی قیادت بھی کوٹ لکھپت جیل میں ہے۔ صرف پارٹی کے سینیٹرز، ایم این ایز، عہدیدار اور وکلا جیل سے باہر ہیں، جبکہ کچھ یوٹیوبرز ملک سے باہر بیٹھ کر روز ایک نئے انقلاب کی داستان سنا دیتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ خان صاحب کب باہر آئیں گے؟ کب وہ دوبارہ ملک کی سیاست میں انٹری دیں گے اور کیا دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ سکیں گے؟
یہ تو ہے خان صاحب کی کہانی، لیکن ایک دوسری کہانی بھی سیاسی حلقوں میں گردش کر رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ایک وفاقی وزیر ہر حال میں وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ ایک نیا نعرہ لے کر آئے ہیں کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں اور پورے نظام کو ری سیٹ کرنا ہوگا۔ ان کا مبینہ ہدف 2029 میں نگران وزیراعظم بننا اور اس کے بعد انتخابات کے ذریعے ملک کے مستقل وزیراعظم کی کرسی تک پہنچنا ہے۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب کوئی سیاست دان وزیراعلیٰ پنجاب بن جاتا ہے تو وہ خود کو پاکستان کا وزیراعظم بننے کا حقدار سمجھنے لگتا ہے۔ یہی مسئلہ شاید اس وفاقی وزیر کے ساتھ بھی ہے۔
بات یہاں ختم نہیں ہوتی۔ ان کے ایک میڈیا چینل کے مالک دوست بھی 2029 میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے امیدوار بنے بیٹھے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے لابنگ بھی شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ لاہور میں پرویز الٰہی سے بھی جا ملے تاکہ نگران وزیراعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کی طرف سے انہیں سپورٹ مل سکے۔ لیکن بدقسمتی سے ان کی ملاقات کی خبر بھی لیک ہو گئی، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ابھی سے اپنی سی وی لے کر پھر رہے ہیں۔
یہ میڈیا مالک بھی کافی عرصے سے نئے صوبوں کی مہم چلا رہے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کا آئیڈیا اسٹیبلشمنٹ کو کس وجہ سے دیا جا رہا ہے؟
آپ کو یاد ہوگا کہ پنجاب میں نئی نہریں نکالنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، لیکن پیپلز پارٹی کی مخالفت کے باعث یہ منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔ اس کے بعد یہ تاثر دیا گیا کہ نئے صوبے بنا کر ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کو سیاسی طور پر کمزور کیا جا سکتا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی سوچ کے تحت نئے صوبوں کے لیے لابنگ شروع کر دی گئی۔
پنجاب میں چوہدری سالک کے ذریعے کرپشن کے حوالے سے بیان دلوایا گیا تاکہ سیاسی افراتفری پیدا ہو۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب اسمبلی میں مریم نواز کی حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے تبدیل کرنے اور بعض نامور صحافیوں کے نام بھی اس حوالے سے سامنے آنے کی خبریں چلتی رہیں۔
اب پنجاب کی موجودہ پارٹی پوزیشن دیکھیں تو ن لیگ کے پاس اس وقت 235 نشستیں ہیں۔ اگر اپوزیشن میں پیپلز پارٹی کی 16 نشستیں بھی شامل کر لی جائیں تو اپوزیشن کی مجموعی تعداد 135 بنتی ہے۔ ایسے میں حکومت تبدیل کرنے کے لیے 186 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔ باقی 51 ارکان کہاں سے آئیں گے اور انہیں کیسے توڑا جائے گا؟
فارورڈ بلاک بنانا اپوزیشن میں رہتے ہوئے بھی آسان نہیں ہوتا، تو پھر اسٹیبلشمنٹ حکومتی جماعت کے اندر فارورڈ بلاک کیسے بنائے گی؟ یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہو سکتا ہے جب اسٹیبلشمنٹ اور نواز شریف ایک دوسرے کے مدمقابل آ جائیں، دونوں طرف سے کشتیاں جلا دی جائیں، سخت بیان بازی ہو اور پھر اس کا ردعمل بھی سامنے آئے۔ شاید تب پنجاب میں حکومت تبدیل کرنے کی خواہش پوری ہو سکے۔
اسی لیے یہ وفاقی وزیر مبینہ طور پر 2029 کے لیے ابھی سے لابنگ کر رہے ہیں تاکہ نگران وزیراعظم بننے کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ وفاقی وزیر 2029 تک اپنی سیاسی پوزیشن برقرار رکھ سکیں گے؟
اس ملک کی سیاست میں لاکھ اختلافات سہی، لیکن نواز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان ایک خاص سیاسی مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہر طرح کے سیاسی حالات دیکھے ہیں اور کئی بار مشکل سیاسی چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔ اب ان تینوں تجربہ کار سیاست دانوں کے مقابلے میں ایک وفاقی وزیر کھڑے ہیں، جن کے پیچھے مبینہ طور پر اسٹیبلشمنٹ کی طاقت سمجھی جا رہی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ تینوں سیاست دان اس وفاقی وزیر سے سیاسی شکست کھاتے ہیں یا انہیں سیاسی طور پر کلین بولڈ کر دیتے ہیں۔
دوسری طرف اس وفاقی وزیر نے ایک نئی سیاسی رشتہ داری قائم کرنے کی بھی کوشش کی، شاید اس امید پر کہ اس جماعت کے ذریعے نواز شریف، زرداری اور مولانا پر سیاسی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق ان کے وکلا کو جیل میں ملاقات کا ریلیف بھی دلوایا گیا تاکہ سیاسی دباؤ کی فضا پیدا ہو، لیکن کوئی سمجھ دار ہی بتا سکتا ہے کہ جیل میں موجود شخص اگر باہر آتا ہے تو اس کا پہلا سیاسی نشانہ کون ہوگا۔ اس بات کا طاقتور حلقوں کو بھی بخوبی اندازہ ہے، اس لیے وہ شاید اتنا بڑا جوا کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوں گے۔
اب اس ملاقات کا نتیجہ بھی دیکھ لیجیے۔ لوگ انتظار کر رہے تھے کہ ملاقات کے بعد کوئی نیا ٹویٹ سامنے آئے گا، لیکن ٹویٹ کی جگہ ایک خط آ گیا۔ اس ملاقات کے سہولت کار سمجھے جانے والے وفاقی وزیر کی بھی سبکی ہوئی اور اب وہ اس خط کے بعد طاقتور حلقوں کو اپنی صفائیاں پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی ممکن ہے کہ اس خط کا جواب طاقتور حلقے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کی صورت میں دیں۔ آنے والے دنوں میں اس معاملے کے سیاسی اثرات بھی دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
اس کے بعد وہ تمام لوگ جو اب تک اپنی خبروں میں پنجاب اور وفاق کی حکومتیں گرا چکے ہیں، انہیں صحافت کے لیے ایک نیا چورن تیار کرنا پڑے گا۔ کیونکہ یہ لوگ وفاق اور پنجاب کی حکومتیں ختم کرتے کرتے خیبر پختونخوا میں بھی حکومت ختم کروا چکے ہیں۔
لہٰذا ابھی اس دن کا انتظار کریں جس دن ملک احمد خان، مریم نواز کی جگہ پنجاب کے وزیراعلیٰ بن جائیں گے!
سوال صرف اتنا ہے کہ 2029 کی وزیراعظم کی کرسی کا خواب کس کا پورا ہوگا اور اس سیاسی کھیل میں کون کس کو کلین بولڈ کرے گا؟

