امریکی عدالت نے ایک خاتون کو چوری کی اشیا ای بے پر فروخت کرنے کے جرم میں 38 لاکھ ڈالرز (65 کروڑ روپیہ) جرمانہ اور ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی خاتون کم رچرڈسن گزشتہ 19 سال اشیا چوری کر کے انہیں آن لائن خرید و فروخت سے متعلق ویب سائٹ ای بے پر فروخت کر رہی تھی، انہیں عدالت کی جانب سے تقریباً چار ملین ڈالر فوری طور پر جمع کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ کم رچرڈسن نے فیڈرل بیورو آف انویسٹیگیشن اور سیکرٹ سروس کی تحقیقات کے بعد 3.8 ملین ڈالر جمع کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق ٹیکساس کے شہر دلاس میں رہنے والی کم رچرڈسن ملک بھر میں گھومنے پھرنے کے دوران دکانوں سے اشیاء چرا کر انہیں ای بے پر فروخت کرتی تھیں۔
نیوز ریلیز کے مطابق وہ مختلف ریٹیل اسٹورز سے اشیا چوری کرتی تھیں، چوری کے دوران وہ مہارت سے سیکیورٹی ڈیوائسز کو بھی ناقابل عمل بنا دیتی تھیں اور چوری شدہ اشیا کو اپنے سیاہ بیگ میں لے کر فرار ہو جاتی تھیں۔
رچرڈسن کے خریدار اب تک انہیں مختلف 4 اکاؤنٹس میں 3.8 ملین روپے بھیج چکے ہیں۔
مجرم کو سزا سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ عملی طور پر ان تمام خریداروں کا تعین کرنا مشکل ہے جو اس دھوکہ دہی کا شکار ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رچرڈسن نے ابھی تک کسی وکیل کی خدمات حاصل نہیں کی تاہم انہیں عدالت نے قید کی سزا پوری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔