اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھ ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ پیر کو ملزم ظاہر جعفر کو اسلام آباد کچہری میں بخشی خانے لایا گیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عمران نے ملزم کی روبکار کے ذریعے حاضری لگائی۔ ملزم کو روبکار کے ذریعے حاضری لگائے جانے کے بعد عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور پولیس ملزم کو بخشی خانہ سے ہی واپس اڈیالہ جیل لے گئی۔پولیس کی جانب سے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر کچہری لایا گیا تھا۔خیال رہے کہ 20 جولائی کو سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحبزادی نور مقدم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔