اسلام آباد(عمران مگھرانہ) سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹ محسن عزیز کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس کی کاروائی شروع ہونے کے بعد ن لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے امریکی شہری وجیہہ سواتی کے قتل کا معا ملہ اٹھا دیا۔
سینیٹر اعظم تارڑ نے کمیٹی کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ امریکی شہری وجیہہ سواتی قتل کیس جیسے واقعات افسوسناک ہیں۔یہ سنگین واقعہ ہوا ہے، ان کے بچے اوورسیز پاکستانی ہیں۔
ریاست اس مقدمے کی مدعیہ ہے، یہ فوجداری نوعیت کا مقدمہ ہے۔سینیٹر اعظم تارڑ نے مزید کہا کہ مقتولہ کے بچے بھی چھوٹے ہیں اور وہ پاکستان میں آ کر پیروی نہیں کر سکتے۔ اس کیس کو ٹیسٹ کیس بنایا جائے۔
ہم نے یہ ثابت کرنا ہے جن کے ورثا اس ملک میں موجود نہیں ہیں ان کو بھی انصاف دلوانا ہے۔ریاست اس کیس میں مدعیہ ہے اور یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملز م کو کیفر کردار تک پہنچائے۔سینیٹر اعظم تارڑ نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ قتل راولپنڈی میں کیا گیا تھا اور ملزم نے نعش خیبر پختونخوا سے بر آمد کروائی ہے۔
سینیٹر اعظم تارڑ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی خیبر پختونخوا اور آرپی او راولپنڈی سے رپورٹ مانگی جائے۔سینٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے آر پی او راولپنڈی اور آئی جی کے پی کے سے 14دن میں رپورٹ طلب کر لی۔