کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس کی ایک انکوائری میں کراچی سے سابق میونسپل کمشنر کورنگی مسرور میمن، اکاؤنٹس آفیسر وکاس اور آڈٹ آفیسر دھرم ویر کو گرفتار کر لیا۔
احتساب عدالت کے منتظم جج نے تینوں ملزمان کو تین روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کر دیا۔ مسرور میمن کے گھر سے بڑے پیمانے پر غیر ملکی کرنسی، سونے کی اینٹیں، بسکٹ اور بٹن برآمد ہوئے ۔ متعدد بینکوں کی لاکھوں روپے کی ٹی ٹی رسیدیں بھی ضبط کی گئیں۔ گرفتار افسران ضلع کورنگی میں پٹرولیم مصنوعات کی خریداری سمیت مختلف گھپلوں میں ملوث رہے ہیں۔ ضلع کورنگی میں تعینات سرکاری افسران اور دو بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور ان کے عہدیداروں کو بھی باقاعدگی سے حصہ دیا جاتا رہا ہے ۔ نیب راولپنڈی کی ٹیم نے جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس کی انکوائری میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کلفٹن کراچی میں واقع ایک بنگلے پر چھاپہ مارا۔ رینجرز اور پولیس کی نفری بھی نیب ٹیم کے ساتھ تھی۔
نیب کی ٹیم منگل کی دوپہر تک مذکورہ بنگلے میں کیس پراپرٹی جمع کرتی رہی۔ پھر اس بنگلے کو سربمہر کر دیا گیا۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں مسرور احمد میمن ولد محمد داؤد کے بنگلے سے بھاری مالیت میں غیر ملکی کرنسی ،سونے کی اینٹیں، بٹن ، لاکھوں روپے مالیت کی ٹی ٹیز کی رسیدیں ضبط کی گئیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی رقم کو گننے کے لیے نیب کو مشینوں کا استعمال کرنا پڑا۔ مسرور میمن ضلع کورنگی میں 10 جون 2014 ء سے 21 ستمبر 2015 ء تک تعینات رہے ۔ وکاس بھگوان داس 28 اگست 2014 ء سے جولائی 2016 ء تک اور دھرم ویر دسمبر 2014 ء تک ضلع کورنگی میں تعینات رہے ۔ نیب حکام کا کہنا تھا کہ میسرز نور پٹرولیم سروس ڈی ایم سی کورنگی کو ٹھیکہ دیا گیا۔ مذکورہ نجی پٹرولیم کمپنی کے نمائندے شفقت ممتاز کے کھاتے میں یہ رقم منتقل کی جاتی تھی، جو خود نیب سے پلی بارگین کے ذریعے انکوائری ختم کرا چکاہے ۔
پلی بارگین کے بعد اس نے دوبارہ غیر قانونی کاروبار شروع کر دیا۔ شفقت ممتاز نے میسرز لاجسٹک ٹریڈنگ ،میسرز رائل انٹرنیشنل اور میسرز عمیر ایسوسی ایٹس کے نام سے کمپنیاں رجسٹر کرائیں اور جعلی اکاؤنٹس کھول کر رقوم منتقل کیں۔ غیر قانونی آمدن سے ملک بھر میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں خریدی گئیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے انکشافات کی روشنی میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے ۔ ملزم کو راولپنڈی میں متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔