اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)نے بالآخر پاکستان کے لیے پروگرام کی چھٹی قسط کی منظوری دے دی۔ ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے یہ خبر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے سنائی۔ اس سلسلے میں واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جائزہ مکمل ہونے سے پاکستان کو 75کروڑ ایس ڈی آر (تقریباً1ارب ڈالر)ملیں گے، جس کے بعد حالیہ آئی ایم ایف پروگرام سے اب تک ملنے والا قرض 2ہزار 144ملین ایس ڈی آر یعنی 3ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا جوکہ ملک کے کوٹے کے 106فیصد کے برابر ہو گا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق پاکستان نے 4ارب 26کروڑ 80لاکھ ایس ڈی آر یعنی 6ارب ڈالر قرض کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ جولائی 2019ءمیں 39ماہ پر محیط ای ایف ایف انتظامات کیے تھے جو کوٹے کا 210فیصد ہے۔پروگرام کی چھٹی قسط کی منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’الحمد للہ، آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کا چھٹا نظرثانی بورڈ مکمل کر لیا ہے اور مزید ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجراءکا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے معیشت کے استحکام اور اصلاحات کے عمل میں مدد ملے گی۔‘