نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خوفناک شمسی طوفان نے خلاءمیں موجود امریکی کمپنی سپیس ایکس کی 40 انٹرنیٹ سیٹلائٹس کو تباہ کر دیا ہے، جس سے زمین پر کمپنی کی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس نے 49سیٹلائٹس حال ہی میں مدار میں بھیجی تھیں۔ یہ سیٹلائٹس کینیڈی سپیس سنٹر، فلوریڈا سے لانچ کی گئی تھیں۔ یہ سپیس ایکس کی ذیلی انٹرنیٹ کمپنی سٹارلنک نیٹ ورک کی تھیں۔
ان 49میں سے 40سیٹلائٹس خوفناک ارضی مقناطیسی طوفان کی زد میں آ کر اپنے مدار سے نکل گئیں۔ کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں 40سیٹلائٹس کے تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مدار سے نکلنے والی ان سیٹلائٹس سے زمین پر کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ یہ زمین کی طرف گرتے ہوئے فضاءمیں ہی رگڑ کی قوت کے سبب ریزہ ریزہ ہو جائیں گی۔ کمپنی کے مطابق یہ سیٹلائٹس پہلے مرحلے میں زمین سے 210کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں چھوڑی گئی تھیں جہاں یہ شمسی طوفان کی زد میں آ گئیں۔ واضح رہے کہ کمپنی سیٹلائٹس کو پہلے اس جگہ مدار میں چھوڑ کر ان کی سیفٹی کے حوالے سے حتمی طور پر انہیں چیک کرتی ہے اور پھر تسلی ہونے پر انہیں یہاں سے آگے خلاءمیں مزید بلندی میں پہنچا دیا جاتا ہے۔سٹارلنک اب تک 2ہزار سے زائد سیٹلائٹس خلاءمیں بھیج چکی ہے جن کی بدولت اس کی انٹرنیٹ سروس لگ بھگ پوری دنیا میں میسر ہے۔برطانوی سپیس ایجنسی کے مطابق اس وقت خلاءمیں سٹارلنک کی ان 2ہزار سیٹلائٹس سمیت کل لگ بھگ 4ہزار ایکٹو سیٹلائٹس موجود ہیں جو زمین سے 1200میل کی بلندی پر مدار میں گردش کر رہی ہیں۔