ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی رواں سال جولائی میں ہونے جا رہی ہے۔ گزشتہ دنوں ان کی ’پری ویڈنگ‘ تقریبات ہوئیں، جن پر اس قدر پیسہ خرچ کیاگیا کہ پری ویڈنگ تقریبات ہی دنیا کی مہنگی ترین شادیوں میں شامل ہو گئیں جبکہ ابھی شادی جولائی میں ہونا باقی ہے۔ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں بھارت کی کچھ مہنگی ترین شادیوں کا تذکرہ کیا ہے۔
ان میں پہلی شادی ونیشا متل کی صاحبزادی لکشمی متل کی ہے۔ لکشمی متل 2004ء میں برطانوی کاروباری شخص امیت بھاٹیہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھیں۔ فوربز کے مطابق ان کی شادی پر 2ارب 40کروڑ بھارتی روپے خرچ ہوئے۔ اس شادی میں کائیلی مینوگ نے 30منٹ کی پرفارمنس کا 3لاکھ 30ہزار ڈالر معاوضہ لیا تھا۔
دوسری مہنگی ترین شادی مکیش امبانی کی صاحبزادی ایشا امبانی کی ہے، جو 2018ء میںکاروباری شخص آنندپیرمل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔ ان کی شادی پر 7ارب بھارتی روپے خرچ کیے گئے۔ ایشا امبانی کی شادی میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے 45منٹ پرفارم کیا اور 33کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا۔
تیسری مہنگی ترین شادی کان کنی کے کاروبار سے وابستہ گیلی جناردھنا ریڈی کی بیٹی براہمنی ریڈی اور حیدرآباد کے کاروباری شخص وکرم دیو ریڈی کے بیٹے راجیو ریڈی کی تھی۔ 2016ء میں ہونے والی اس شادی پر 5ارب بھارتی روپے خرچ کیے گئے۔ شادی میں بالی ووڈ ستاروں اور سیاستدانوں سمیت 50ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی تھی۔ دلہن نے 17کروڑ بھارتی روپے مالیت کی ساڑھی زیب تن کی تھی۔ اس شادی کے صرف دعوت ناموں پر ہی 5کروڑ بھارتی روپے خرچ ہوئے تھے۔ اس دعوت نامے میں گولڈ پلیٹڈ ایل سی ڈی سکرین نصب کی گئی تھی۔ دعوت نامہ کھولنے پر اس ایل سی ڈی سکرین پر دولہا دلہن کی ویڈیو چلتی تھی جس میں وہ ایک فلمی گیت گا رہے ہوتے ہیں۔
چوتھی مہنگی ترین شادی سہارا گروپ کے سربراہ سبراتا رائے کے بیٹے سشانت رائے اور سیمانتو کی ہے۔ 2004ء میں ہونے والی اس شادی کی تقریب سہارا سٹیڈیم لکھنؤ میں ہوئی تھی۔ شادی کی تقریبات ہفتہ بھر جاری رہیں جن میں 11ہزار کے لگ بھگ مہمان شریک ہوئے۔
پانچویں مہنگی ترین شادی سٹالین گروپ کے بانی سنیل وشوانی کی بیٹی سونم وشوانی اور نوین فیبیانی کی ہے، جس کی تقریب آسٹریا میں منعقد کی گئی۔ اس شادی پر 2ارب 10کروڑ بھارتی روپے خرچ ہوئے۔
ڈنوبے ہوم کے بانی عدیل سجن اور ثنا خان کی شادی بھارت کی چھٹی مہنگی ترین شادی ہے۔ یہ شادی ایک تفریحی بحری جہاز پر ہوئی تھی جو کئی دن تک جاری رہی۔ اس دوران بحری جہاز نے سپین کے شہر بارسیلونا سے اٹلی تک کا سفر کیا۔ ان کی شادی میں کئی بالی ووڈ ستارے شریک ہوئے۔ اس شادی پر 1ارب بھارتی روپے خرچ ہوئے۔
ساتویں مہنگی ترین شادی سٹیل ٹائیکون پرمود متل کی بیٹی شرشٹی متل اور انویسٹمنٹ بینکار گلراج بہل کی ہے۔ 2013ء میں بارسیلونا میں ہونے والی اس شادی پر 5ارب 5کروڑ بھارتی روپے خرچ ہوئے۔
بھارت کی آٹھویں مہنگی ترین شادی مکیش امبانی کے بیٹے آکاش امبانی اور شولکا مہتا کی ہے۔2019ء میں ہونے والی اس شادی پر ہونے والے خرچ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس شادی کے ہر ایک دعوت نامے پر ڈیڑھ لاکھ بھارت روپے خرچ آیا۔500مہمانوں کے لیے سوئٹزرلینڈ کا ایک لگژری ہوٹل بک کرایا گیا۔




