گجرات(رانا اشرف سے ) پولیس تشدد کیخلاف خواجہ سراؤں کا تھانہ صدر کھاریاں پر پتھراؤ۔گجرات میں خواجہ سرا پر پولیس کے تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے تھانہ صدر کھاریاں پر پتھراؤ کیا ہے۔پولیس کے مطابق خواجہ سرا زبردستی تھانے میں گھس آئے، فرنیچر باہر نکال دیا اور پھر جی ٹی روڈ کھاریاں بلاک کر کے احتجاجی دھرنا دے دیا۔ دوسری جانب مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب پولیس نے خواجہ سراؤں کو رات بھر بلاوجہ حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور شوت بھی طلب کی تھی جس پر خواجہ سرائوں کو اطلاع ملی تو وہ پولیس کے خلاف تھانے پہنچے جہاں کشیدگی شروع ہوئی ۔ پولیس نے جوابی وار کرتے ہوئے خواجہ سرائوں پر ہلہ بول دیا۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے کئی خواجہ سرا زخمی ہو گئے۔بعد ازاں خواجہ سرا پولیس اہلکاروں خلاف پرچہ کٹوانے کیلئے میڈیکل کے لیے عزیز بھٹی ہسپتال پہنچے ۔ اس معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ سرا پر تشدد کی تفتیش کریں گے اور جرم ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔