نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے اثاثے ظاہر کردیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کے ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت 3.02کروڑ روپے ہے اور ان کے پاس کوئی گھر یا گاڑی نہیں ہے، الیکشن کے حوالے سے جمع کرائے گئے تحریری بیان کے مطابق نریندر مودی کے پاس کوئی زمین بھی نہیں۔
نریندر مودی کی جانب سے جمع کرائے گئے حلف نامے کے مطابق ان کے 2.86کروڑ روپے فکسڈ ڈپازٹ کی صورت میں بینک میں موجود ہیں جبکہ ان کے پاس 52 ہزار 920 روپے کیش موجود ہیں، اس کے علاوہ دو بینک اکاؤنٹس میں 80 ہزار 304 روپے موجود ہیں۔روزنامہ جنگ کے مطابق مودی نے 12.9
لاکھ روپے نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹ کی مد میں رکھے ہوئے ہیں، ان کے پاس سونے کی چار انگوٹھیاں بھی ہیں جن کی مالیت 2.68 لاکھ بھارتی روپے بنتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کاغذات میں موجود تعلیم کے حصے میں نریندر مودی نے بتایا ہے کہ انہوں نے 1978ء میں دہلی یونیورسٹی سے آرٹس میں گریجویشن کی اور گجرات یونیورسٹی سے 1983ء میں آرٹس میں ہی ماسٹرز مکمل کیا۔بھارتی وزیراعظم نے اپنے کاغذات میں یہ بھی بتایا کہ ان پر کوئی بھی مجرمانہ کیس زیر التوا نہیں ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے گزشتہ روز اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔




