اسلام آباد (نیوز ڈیسک )چکوال انتظامیہ کا قابل ستائش کارنامہ ، تیز آندھی سے زمین بوس ہونے والے 100سال قدیم تاریخی بوہڑ کے درخت کو واپس کھڑا کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل چکوال میں آئی تیز رفتار آندھی کی وجہ سے ریلوے سٹیشن بھون میں کھڑا 100 سالہ تاریخی بوہڑ کا درخت گر گیا تھا ۔ بظاہر لگ رہا تھا کہ 100 سالہ کہانی ختم ہوئی، اب یہ سوکھے گا اور لوگ لکڑیاں کاٹ کے چولہے میں جھونک دیں گے، تاہم چکوال انتظامیہ ( ڈپٹی کمشنر چکوال قراۃ العین ملک) نے فیصلہ کیا کہ ماحول دوستی کی اس 100 سالہ پہچان کو ختم نہیں ہونے دیں گی۔ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر کو ذمہ داری سونپی گئی کہ یہ درخت دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہیے جس کے بعد کئی گھنٹے کی محنت کے بعد آخرکار درخت دوبارہ سے اپنی شان اور آب و تاب کے ساتھ کھڑا ہوگیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر چکوال قراۃ العین ملک نے سوشل میڈیاپلیٹ فارم ایکس پر اپنی ٹوئٹ میں پیغام دیا کہ’’ یاد رکھیں یہ درخت نہ ہوں تو اس گھٹن کے ماحول میں باہر نکلنا تک دشوار ہوجائے، ہم نے مل کر درختوں کو بچانا ہے تاکہ ہم زندہ رہ سکیں، ہماری نسلیں زندہ رہ سکیں، ایک آزاد اور صحت افزا ماحول میں، درخت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے جن شہریوں نے آواز اٹھائی ان کا بھی شکریہ اور ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر کے لیے خصوصی شاباش‘‘۔





