اسلام آباد (احمد ارسلان سے ) کچھ گھنٹے قبل کراچی میں ایمرجنسی لینڈ نگ کرنے والے طیارےمیں 2اسرائیلی شہریوں کی موجودگی کا انکشاف ۔ تفصیلات کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 569 دبئی سے کولمبو جارہی تھی کہ دوران پرواز ایک خاتون مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی طیارے کی لینڈنگ کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم نے سری لنکن خاتون کا معائنہ کیا تو اس وقت تک وہ انتقال کر چکی تھیں، ڈاکٹرز کے مطانق مسافر خاتون دوران پرواز ہی حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں۔ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس کے بعد غیر ملکی ایئرلائن خاتون مسافر کی میت کو لے کر کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو روانہ ہوگئی تاہم اب اس پرواز کے حوالے سے نئے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ اسرائیل کے معروف اخبار’’ دی ٹائمز آف اسرائیل ‘‘ کے ویب پورٹل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جمعرات کی صبح کراچی میں ایمر جنسی لینڈنگ کرنے والی فلائٹ میں 2اسرائیلی شہری موجود تھے جو لینڈنگ سے اڑان بھرنے تک سخت تنائو کے عالم میں رہے ۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی شہری پاکستان میں لینڈنگ کرنے کے ساتھ ہی اسرائیلی وزارت خارجہ سے رابطے میں تھے تاہم کچھ گھنٹوں بعد بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے طیارے نے اڑان بھر لی ۔ واضح رہے کہ غزہ میں معصوم مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑنے کے بعد سے اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کی جانب سے اسرائیلی شہریوں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے پاکستان کے سفر سے گریز کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں ۔
