ملتان (نیوز ڈیسک) ملتان میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق، جب کہ 31 جھلس کر زخمی ہوگئے، کئی گھر آگ کی لپیٹ میں آکر منہدم ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق ملتان میں مظفرگڑھ روڈ پر فہد ٹاؤن میں گیس سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹ گیا، انتظامیہ کے مطابق ڈرائیور باؤزر سڑک پر کھڑا کرکے رشتہ داروں سے ملنے چلا گیا تھا، گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا۔
دھماکے کے بعد باؤزر کے ٹکڑے متعدد قریبی گھروں میں جاگرے، جس کے نتیجے میں گھروں میں آگ لگ گئی اور کئی گھروں کی چھتیں گر گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے میتوں اور زخمیوں کو نشتر ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کردیا، زخمیوں میں ایک گھر کی خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد بھی شامل ہیں، 12 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
کمشنر ملتان عامر کریم کے مطابق ملبے سے 100 زائد افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، دھماکے میں متعدد جانور بھی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
باؤزر دھماکا رات 12 بجے کے بعد ہوا تھا، سی پی او صادق علی ڈوگر کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے آگ بھجانے کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے بوائلر میں دھماکا ہوا، جس سے بوائلر کے ٹکڑے بستی حامد پور کے گھروں میں جاگرے۔
سی پی او ملتان کے مطابق بستی حامد پور میں ایک ہی گھر کے 6 افراد زخمی ہوئے، جب کہ خاتون جاں بحق ہوگئی، جس کی شناخت زرینہ بی بی کے نام سے ہوئی، زخمی ہونے والے 6 افراد میں 3 بچے اور میاں بیوی شامل ہیں، جن میں اللہ رکھا، اس کی اہلیہ تانیہ، والدہ منصب بی بی اور بچے انعم. عنایہ اور سانول شامل ہیں۔ سی پی او صادق ڈوگر نے کہا کہ علاقہ مکمل کلیئر ہونے تک ٹیمیں موجود رہیں گی۔