اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگوچر میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشتگرد ہلاک کردیے جبکہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 18 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گروں نے رات گئے معمولات زندگی متاثر کرنے اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں ایف سی کے 18 جوان شہید ہوئے۔اسسٹنٹ کمشنر منگوچر علی گل بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ رات گئے مسلح افراد نے قومی شاہراہ کو بلاک کرنے کی کوشش کی اور فائرنگ کی۔
اسسٹنٹ کمشنر منگوچر علی گل نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے رات بھر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔ اس دوران دہشت گردوں نے نجی بینک میں گرنیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اور بینک نذر آتش ہو گیا۔
حملے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ کراچی کی قومی شاہراہ کو بھی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لیویز حکام کام کا بتانا ہے کہ رات گئے دہشت گردوں نے بسوں پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ مختلف سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر بھی حملے کیے۔ رات بھر منگوچر فائرنگ اور دھماکوں کی زد میں رہا جس سے علاقہ مکین خوف و حراس میں مبتلا رہے۔ حملے میں دہشت گردوں نے بھاری اسلحے کا استعمال کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائی پرامن ماحول کو خراب کرنے کے لیے ہے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور ماسٹرمائنڈز کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
قلات میں جوانوں کی شہادت پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہ بروقت کارروائی پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم امن خراب کرنے والے عناصر کو رد کرتی ہے، حملہ بلوچستان کا امن خراب کرنے کے لیے کیا گیا۔