ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تنازع اور ایک دوسرے پر حملوں کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے، تاہم صورتحال میں کوئی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔
دونوں ممالک کی جانب سے حملے جاری ہیں، جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان دونوں طرف ہو رہا ہے، لیکن سوشل میڈیا اور دنیا بھر کی توجہ اس وقت اسرائیل کی صورتحال پر مرکوز ہے، کیونکہ وہ طویل عرصے سے غزہ پر حملے کرتا رہا ہے، جب کہ یہ پہلا موقع ہے کہ خود اسرائیل کو خوف اور عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایسی متعدد فوٹیجز گردش کر رہی ہیں، جن میں اسرائیلی شہریوں کو زیرِ زمین بنکرز میں پناہ لیتے اور ایرانی میزائلوں سے خوفزدہ دکھایا گیا ہے۔
اس صورتحال پر دنیا بھر میں اسرائیل کا مذاق اڑایا جا رہا ہے اور اسی تناظر میں ’بوم بوم تل ابیب‘ نامی ایک گانا بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
یہ گانا اطالوی نژاد امریکی شہری لوکاس گیج نے لکھا ہے، جب کہ اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
گانے میں خاص طور پر اسرائیل اور تل ابیب کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، گانے کے بول میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو اپنے برے اعمال کا نتیجہ بھگتنا پڑ رہا ہے، پہلے وہ غزہ میں معصوم بچوں کے قتل پر خوش ہوتا تھا اور اب خود اس کا خون بہنے کا وقت آ چکا ہے۔
گانے میں اسرائیل کے انسانی رویے پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
’بوم بوم تل ابیب‘ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور سوشل میڈیا صارفین اسے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔