ایپل کے مداحوں کے لیے خوشخبری: ایک نئی لیک کے مطابق، ستمبر میں متوقع آئی فون 17 پرو میکس میں اب تک کی سب سے بڑی بیٹری شامل ہونے جا رہی ہے۔ یہ لیک چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو کے صارف "انسٹنٹ ڈیجیٹل” نے دی ہے، جن کی پیش گوئیاں بعض اوقات درست ثابت ہوئی ہیں۔
لیک کے مطابق، نئے ماڈل میں بیٹری کا حجم تقریباً 5 ہزار ایم اے ایچ ہو سکتا ہے، جو کہ موجودہ آئی فون 16 پرو میکس کی 4ہزار 676ایم اے ایچ بیٹری سے تقریباً 10 فیصد زیادہ ہے۔ اگر یہ خبر درست ثابت ہوئی تو یہ بیٹری ٹائمنگ کے لحاظ سے ایک بڑا اضافہ ہو گا۔
ماہرین کے مطابق، نئی بیٹری کے لیے جگہ بنانے کے لیے فون کی موٹائی میں بھی معمولی اضافہ متوقع ہے ،یہ اضافہ صارف کے ہاتھ میں فون کے احساس پر کوئی بڑا اثر نہیں ڈالے گا، مگر بیٹری کے لحاظ سے زبردست فائدہ دے گا۔
آئی فون 16 پرو میکس کی بیٹری 33 گھنٹے چلتی ہے، جو کہ آئی فون 14 پرو میکس کی 29 گھنٹوں اور آئی فون 12 پرو میکس کی 20 گھنٹوں کی بیٹری سے نمایاں بہتری ہے۔ نئی بیٹری کے ساتھ، آئی فون 17 پرو میکس کی بیٹری 35 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ چلنے کی امید ہے۔
علاوہ ازیں، MacRumors کے مطابق، آئی فون 17 پرو میکس اور اس کے ہم پلہ پرو ماڈل میں تین 48 میگا پکسل کے بیک کیمرے اور ایک اپ گریڈ شدہ 24 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ شامل ہوں گے۔ کیمروں کی صلاحیتوں میں دونوں ماڈلز کے درمیان کوئی نمایاں فرق نہیں بتایا گیا۔
اگرچہ ایپل کی طرف سے تاحال اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی گئی، لیکن موجودہ اطلاعات کے مطابق آئی فون 17 پرو میکس بیٹری کے لحاظ سے اس سیریز کا سب سے مضبوط فون ہو گا جو خاص طور پر ان صارفین کے لیے موزوں ہے جو دن بھر بغیر چارجنگ کے فون استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
نیا آئی فون چند ماہ میں متوقع ہے، اور یہ لیک اس کے منتظر صارفین کے لیے جوش و خروش مزید بڑھا رہی ہے۔