دبئی: دبئی میں پیدا ہونے والے بھارتی طالبعلم وین نیش ڈی سوزا نے دبئی ڈیوٹی فری ملینیم ملینیئر اور فائنٹیسٹ سرپرائز ڈرا میں 10 لاکھ ڈالر جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ وین، جو اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ لاس اینجلس، امریکہ میں موجود ہیں، ملینیم ملینیئر سیریز 510 میں ٹکٹ نمبر 4463 کے ساتھ خوش نصیب قرار پائے۔ انہوں نے یہ ٹکٹ 26 جولائی کو کنکورس اے سے امریکہ روانگی کے موقع پر خریدا تھا۔
وین، جو یونیورسٹی آف الینوائے اربانا-شیمپین میں ایرو اسپیس انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے جا رہے ہیں ۔جب ان سے انعامی رقم کے استعمال کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے والد کی طرف دیکھتے ہوئے جواب دیا کہ "یہ رقم میری اور میری بہن کی تعلیم پر خرچ ہوگی اور کچھ حصہ دبئی میں جائیداد خریدنے یا سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔”
وین کا خاندان ممبئی سے تعلق رکھتا ہے اور وہ سال میں تین سے چار مرتبہ سفر کرتے ہیں، ہر بار دبئی ڈیوٹی فری ملینیم ملینیئر پروموشن کا ٹکٹ لینا ان کی روایت بن چکی ہے۔ وین 1999 سے اب تک ملینیم ملینیئر پروموشن جیتنے والے 255 ویں بھارتی شہری ہیں۔ بھارتی شہری اس پروموشن میں سب سے زیادہ حصہ لینے والوں میں شامل ہیں۔
اسی ڈرا میں العین کے 55 سالہ اماراتی شہری منصور الہاشمی نے بھی ملینیم ملینیئر سیریز 511 میں 10 لاکھ ڈالر جیتے۔ انہوں نے یہ ٹکٹ 27 جولائی کو کنکورس بی سے بحرین جاتے ہوئے خریدا تھا۔ الہاشمی گزشتہ 10 سالوں سے اس پروموشن میں حصہ لے رہے ہیں اور چار بچوں کے والد ہیں۔ الہاشمی 1999 سے اب تک ملینیم ملینیئر پروموشن جیتنے والے 17 ویں اماراتی شہری ہیں۔
ملینیم ملینیئر ڈرا کے بعد فائنٹیسٹ سرپرائز ڈرا کے تحت لگژری موٹربائیک کا بھی اعلان کیا گیا۔ دبئی میں مقیم 60 سالہ ایتھوپین شہری سیمسن اسیفا نے اپریلیا توونو وی4 1100 (ریڈ) موٹربائیک جیتی۔ انہوں نے یہ ٹکٹ 13 جولائی کو آن لائن خریدا تھا۔ گزشتہ 25 سالوں سے اس پروموشن میں حصہ لینے والے اسیفا تین بچوں کے والد ہیں۔ اسیفا 2002 میں فائنٹیسٹ سرپرائز پروموشن کے آغاز کے بعد موٹربائیک جیتنے والے پہلے ایتھوپین شہری بن گئے ہیں۔





