اتر پردیش: بھارت کے ضلع اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک بے روزگار نوجوان کی زندگی اس وقت حیرت انگیز طور پر بدل گئی جب اُس نے اپنی بینک ایپ کھولی اور کھاتہ کھربوں روپے سے بھرا ہوا پایا۔
دلیپ سنگھ نامی اس نوجوان کا کہنا ہے کہ جب اُس نے ایپ چیک کی تو اتنی بڑی رقم دیکھ کر ہوش و حواس کھو بیٹھا، کیونکہ وہ نہ صرف لاکھوں یا کروڑوں بلکہ کھربوں میں تھی۔
دلیپ کے مطابق، جب اس نے بیلنس دیکھا تو نمبروں کی لمبی قطار ایسی تھی کہ گننا بھی مشکل ہو گیا، اور پہلے پہل اسے لگا کہ شاید کوئی تکنیکی خرابی ہو گئی ہے۔ تاہم، جب اس نے اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کو بتایا، تو سب حیرت میں پڑ گئے۔
واقعے کے بعد دلیپ سنگھ نے فوراً بینک سے رابطہ کیا، جہاں حکام نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے لگتا ہے کہ یہ کسی قسم کی تکنیکی غلطی کا نتیجہ ہو سکتی ہے، اور اگر ایسا ہوا تو رقم جلد ہی درست کر دی جائے گی۔
بینک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے کسی بھی واقعے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ بینک برانچ کو اطلاع دی جائے، تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ دلیپ سنگھ نے بھی ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملے کو رپورٹ کر دیا ہے اور کسی بھی غیر قانونی حرکت سے باز رہا ہے۔