بھارتی مسلح افواج کے افسران کی کے بی سی میں شرکت کی خبروں نے بھارت میں نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا ۔ ناقدین کی جانب سے حکومت پر فوج کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے ۔
امیتابھ بچن یومِ آزادی کے خصوصی پروگرام میں بھارتی مسلح افواج کے اعلیٰ اعزاز یافتہ افسران کی میزبانی کریں گے، جو "کون بنے گا کروڑ پتی” (کے بی سی) کے سیزن 17 میں شریک ہوں گے۔
چینل کی جانب سے جاری ایک پرومو میں امیتابھ بچن کرنل صوفیہ قریشی (انڈین آرمی)، ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ (انڈین ایئر فورس) اور کمانڈر پررنا دیوستھالی (انڈین نیوی) کا استقبال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
اس خصوصی پروگرام میں افسران بھارت کے آپریشن سندور کہ کہانیاں سنائیں گی۔اگرچہ امکان ہے کہ افسران نے متعلقہ محکمے سے اجازت حاصل کی ہو، تاہم ان کی شرکت نے تنازعہ کو جنم دیا ہے، اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے "پی آر اسٹنٹ” اور "سیاسی فائدہ اٹھانے” کی کوشش قرار دیا ہے۔
اس خصوصی یوم آزادی ایپی سوڈ میں بھارتی بحریہ کی کمانڈر پرینہ دیوستھلی بھی شامل ہوں گی، جنہوں نے گزشتہ برس بطور خاتون کسی جنگی بحری جہاز کی کمان سنبھالی تھی۔
سوشل میڈیا پر ایک بھارتی صارف نے لکھا، ’کیا آپ نے کسی سنجیدہ ملک میں فوجی آپریشن کے بعد ایسا تماشا دیکھا ہے؟ موجودہ حکومت فوج کو اپنی گندی سیاست اور کھوکھلی قوم پرستی کے لیے استعمال کر رہی ہے، یہ شرمناک ہے۔‘
ایک اور صارف نے کہا، ’ہماری فوج کبھی سیاست سے بالاتر اور تشہیر سے دور ہوا کرتی تھی، لیکن اب اسے سیاست دانوں کے برانڈ کی تشہیر کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔‘
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’گراؤنڈ پرذلیل ہوئے، اب کون بنے گا کروڑ پتی میں ہیرو بننے آئے ہیں؟ آپریشن سندور کے فلاپ شو کو اب بلاک بسٹر بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ پاکستان نے ایسا حال کر دیا کہ اب ٹی وی پر کہانیاں گھڑ کر عزت بچانی پڑ رہی ہے!‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’ہمیں تو امید تھی کہ بھارت اپنی جھوٹی بہادری کی کہانیاں کسی بالی وڈ فلم میں سنائے گا، مگر انہوں نے تو یہ کام کون بنے گا کروڑ پتی میں ہی کر دیا۔‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی فوج کے اپنے ضابطوں کے مطابق وردی کسی ثقافتی یا سماجی تقریب میں نہیں پہنی جا سکتی، نہ ہی عوامی مقامات، ریسٹورنٹس یا عام سواری میں سفر کے دوران، جب تک کمانڈنگ افسر کی تحریری اجازت نہ ہو۔ اس کے باوجود مودی حکومت نے اپنے سیاسی شو کے لیے ان قوانین کو روند ڈالا۔





