اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے بزنس مین شوہر راج کندرا نے حال ہی میں ورینداون کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے روحانی گرو پریم آنند مہاراج سے ملاقات کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں راج کو مہاراج کو گردہ عطیہ کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر مہاراج نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
راج اور شلپا کے متھرا میں پریم آنند مہاراج کے آشرم کے دورے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔ یہ ویڈیو اس وقت آئی ہے جب اس جوڑے کا نام مبینہ طور پر ایک بزنس مین کو 60 کروڑ روپے کے فراڈ میں ملوث ہونے کی خبروں میں آیا تھا۔
ویڈیو میں شلپا اور راج کو پریم آنند مہاراج کی باتیں غور سے سنتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جب وہ بتاتے ہیں کہ ان کے دونوں گردے ناکام ہو چکے ہیں اور وہ پچھلے 10 سال سے اسی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ سن کر راج نے گردہ عطیہ کرنے کی پیشکش کی، جس پر شلپا حیران رہ گئیں۔
راج نے کہا کہ "میں پچھلے دو سال سے آپ کو فالو کر رہا ہوں۔ میرے پاس کوئی سوال نہیں کیونکہ آپ کی ویڈیوز ہمیشہ میرے تمام شکوک و خدشات کا جواب دیتی ہیں۔ آپ سب کے لیے ایک مثال ہیں۔ میں آپ کی صحت کی حالت سے واقف ہوں، اور اگر میں مدد کر سکتا ہوں تو میرا ایک گردہ آپ کا ہے۔” جس پر پریم آنند مہاراج نے اس پیشکش کو پیار سے منع کرتے ہوئے کہا کہ جب تک زندگی ہے میں جیوں گا ، یہ بیماری میرا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی تم اپنی زندگی ہنسی خوشی اور صحت کے ساتھ گزارو ۔





