آسٹریلیا کے ایک ڈاکٹر نے 92 سال کی عمر میں باپ بن کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ڈاکٹر جان لیون (John Levin)، جو اب 93 سال کے ہو چکے ہیں، اور ان کی 37 سالہ اہلیہ ڈاکٹر یان ینگ لو (Yanying Lu) کے ہاں فروری 2024 میں ایک بیٹے گیبی (Gabby) کی پیدائش ہوئی، جیسا کہ news.com.au کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔
یہ ڈاکٹر لیون کا تیسرا بچہ ہے، جو اس وقت پیدا ہوا جب ان کے بڑے بیٹے گریگ (Greg) — عمر 65 سال — کی موت موٹر نیورون بیماری سے صرف پانچ ماہ قبل ہوئی تھی۔
ڈاکٹر لیون ایک جنرل پریکٹیشنر اور اینٹی ایجنگ میڈیسن کے ماہر ہیں۔ اپنی 57 سالہ شریکِ حیات کے انتقال کے بعد وہ تنہائی محسوس کرنے لگے۔
تنہائی کم کرنے کے لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ کوئی نئی زبان سیکھیں گے — اور انہوں نے چینی (مینڈرن) زبان منتخب کی۔ان کی زبان کی استاد ڈاکٹر لو تھیں۔
ڈاکٹر لو کے مطابق وہ بہت برے طالبعلم تھے۔ تیسرے سبق کے بعد میں نے انہیں کہا کہ کلاس چھوڑ دیں — میں انہیں دھوکہ نہیں دینا چاہتی تھی مگر دونوں کے درمیان رابطہ قائم رہا۔
کچھ ملاقاتوں کے بعد ڈاکٹر لیون نے انہیں ڈنر پر چلنے کی دعوت دی۔جلد ہی ان کی دوستی نے رشتہ ازدواج اختیار کر لیا، اور وہ 2014 میں لاس ویگاس میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
ڈاکٹر لو نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے بچے کی پیدائش کے بارے میں کبھی بات نہیں کی تھی ۔یہ خیال COVID-19 لاک ڈاؤنز کے دوران آیا۔
“میں نے سوچا کہ زندگی میں میں کہاں پہنچنا چاہتی ہوں۔ اور میں نے محسوس کیا کہ اگر میں اپنے شوہر کو کھو دوں، تو میں چاہتی ہوں کہ ان کی ایک جھلک میرے پاس ہمیشہ رہے ایک بچے کی صورت میں۔”
گیبی کی پیدائش ڈونر اسپرم اور IVF (ٹیسٹ ٹیوب بیبی) کے ذریعے ہوئی۔ ڈاکٹر لو پہلی ہی کوشش میں حاملہ ہو گئیں۔
ڈاکٹر لیون نے بتایا کہ“اپنے بیٹے کو پہلی بار گود میں لینا ناقابلِ یقین احساس تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیٹے کی موجودگی اکثر لوگوں کو الجھا دیتی ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ ڈاکٹر لیون اس کے دادا ہیں۔
“جب ہم حقیقت بتاتے ہیں تو لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ مگر ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ ہم اپنی خوشی کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔ دوسروں کے احساسات پر ہمارا کوئی اختیار نہیں۔”
عمر رسیدگی کے باوجود، ڈاکٹر لیون کا کہنا ہے کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کو زندگی کے بڑے مواقع پر دیکھ سکیں گے ۔
“میں چاہتا ہوں کہ میں اپنے بیٹے کا بار مِٹزواہ (یہودی بلوغت کی رسم) اور 21واں جنم دن اپنی آنکھوں سے دیکھوں۔”