چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین اور امریکا کو بدلہ لینے کےخطرناک چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر سے ملاقات کے بعد گفتگو میں چینی صدر نے کہا کہ چین کی معیشت ایک سمندر کی طرح ہے، چین ہر قسم کے خطرات اورچیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم چین کبھی بھی کسی ملک کو چیلنج کرنے یا اس کی جگہ لینے کی کوشش نہیں کرتا اور اپنے کام کو بہتر کرنے پر توجہ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت محاذ آرائی سے بہتر ہے، امریکاکے ساتھ تعلقات مجموعی طور پر مستحکم ہیں، چین اور امریکا دونوں کی ٹیموں کوبات چیت پر فالو اپ کرنا چاہیے جب کہ چین اور امریکا کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے تجارت اور معیشت کو بنیادی عنصر ہونا چاہیے۔
چینی صدر نے مزید کہاکہ تجارتی تعلقات کو چین امریکا دوستی کی بنیاد ہونا چاہیے، دونوں ممالک کو تعاون کے طویل مدتی مفاد پر نظر رکھنی چاہیے اور بدلہ لینے کےخطرناک چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔
صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور امریکا کی اقتصادی، تجارتی ٹیموں نے تفیصلی گفتگو کی اور مسائل کے حل پر اتفاق کیا، غیر قانونی امیگریشن روکنے پر دونوں ممالک کےدرمیان تعاون کے مثبت رجحانات ہیں جب کہ دونوں ممالک ٹیلی کام فراڈ، اے آئی، منی لانڈرنگ کا مقابلہ کرنےکےلیے بھی پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی اور چینی صدور نے توانائی، تجارت میں تعاون کو مضبوط بنانے اور بات چیت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔





