بھارتی ریاست راجستھان میں کمبل اور چادر کے جھگڑے پر چلتی ٹرین میں بھارتی فوجی کو قتل کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجی اہلکار جگر چوہدری 2 نومبر کے روز چھٹی لے کر گجرات کے شہر سابرمتی جا رہا تھا جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔
دوران سفر فوجی اہلکار جگر چوہدری نے ٹرین اٹینڈنٹ سے چادر اور کمبل کا مطالبہ کیا، ٹرین اٹینڈنٹ کے انکار پر دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا جو بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جھگڑے کے دوران ٹرین اٹینڈنٹ نے چاقو سے بھارتی فوجی پر حملہ کردیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، زخم گہرا ہونے کے باعث خون زیادہ بہہ گیا اور فوجی اہلکار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
پولیس نے فوجی اہلکار کے قتل پر ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
ریلوے انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ملزم کو ٹھیکیدار کے ذریعے تعینات کیا گیا تھا لیکن قتل کا واقعہ پیش آنے کے بعد اسے ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔





