قومی ائیرلائن پی آئی اے نے یورپی طیارہ ساز کمپنی ائیربس کی جانب سے اے 320 طیاروں کا سافٹ ویئر فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنےکے فیصلے سے متعلق وضاحت جاری کردی۔
خیال رہے کہ ائیربس نے اے 320 طیاروں کا سافٹ ویئر فوری طور پر اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں 6 ہزار طیارے متاثر ہوسکتے ہیں اور پروازوں میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے فیصلے کے بعد امریکن ائیر لائنز، ڈیلٹا ائیر لائنز، ائیر نیوزی لینڈ اور ترکش ائیرلائنز سمیت کئی کمپنیوں نے پروازوں میں خلل کا انتباہ جاری کیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق 30 اکتوبر کو میکسیکو سے نیوجرسی جانے والی پرواز کے دوران طیارہ کنٹرول کھوکر اچانک بلندی سے نیچے آیا جس سے کئی مسافر زخمی ہوئے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سورج سے آنے والی شدید تابکاری نے طیارے کے فلائٹ کنٹرول سسٹم (ELAC) کے ڈیٹا کو خراب کر دیا تھا۔
واقعے کے بعد یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (EASA) اور امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے ہنگامی ہدایت جاری کرتے ہوئے ائیرلائنز کو حکم دیا کہ وہ فلائٹ کنٹرول سسٹم کے لیے ELAC-L104 اپڈیٹیڈ سافٹ ویئر کو اَن انسٹال کرکے L103 پلس ورژن پر واپس چلے جائیں۔

اس حوالے سے قومی ائیرلائن پی آئی اے نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ائیربس طیاروں کے فلائٹ کنٹرول سافٹ ویئر ELAC-L104 سے متعلق مسئلے کے بارے میں یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ پی آئی اے نے یہ خراب سافٹ ویئر پیچ انسٹال ہی نہیں کیا، اسی لیے ہمارے تمام طیارے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور پروازوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی۔





