راولپنڈی: تھانہ واہ کینٹ پولیس نے قطر سے واپس آنے والی شادی شدہ خاتون کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور دو چچاؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس سے قبل مقدمے میں ایک مرکزی ملزم کو حراست میں لیا گیا تھا، جس کے انکشافات پر مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتولہ کے دونوں چچاؤں نے مقتولہ کے خاوند کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔ اس منصوبے کے تحت مقتولہ کو قطر سے پاکستان بلایا گیا اور بعد ازاں والد اور دونوں چچاؤں کی ایماء پر اسے قتل کر دیا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے ملوث تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اہم گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ جلد عدالت میں چالان کیا جائے گا۔





