ایپل کمپنی کے ایسے گاہک جن کے پاس پرانے مخصوص ماڈل والے آئی فون ہیں، اب 25 ڈالر ہرجانہ حاصل کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جن لوگوں کے پاس آئی فون 6، 6 پلس، 6 ایس پلس، 7، 7 پلس، یا دسمبر 2021 سے پہلے کے ایس ای موجود ہیں اور جنہوں نے موبائل کی کارکردگی یا اس کی بیٹری کی عمر سے متعلق مسائل کا سامنا کیا ہے، وہ کمپنی سے ہرجانہ وصول کر سکتے ہیں۔
حکام کے ساتھ کیے گئے تصفیہ کے مطابق ایپل کمپنی کم سے کم 31 کروڑ اور زیادہ سے زیادہ 50 کروڑ ڈالر ان صارفین کو ادا کرے گی۔
موبائل بیٹری کی مدت بڑھانے کے لیے چند بنیادی ٹپس
ان پانچ ایپس کو اپنے موبائل سے فوراً نکال دیں
تصفیے میں طے کیا گیا ہے کہ ایپل ان مخصوص موبائل رکھنے والے ہر صارف کو 25 ڈالر کے قریب نقد رقم فراہم کرے گی تاہم ہرجانے کی مجموعی رقم 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ نہیں ہو گی۔
ایک ویب سائیٹ SmartphonePerformanceSettlement.com کے مطابق اپنے ہرجانے کے لیے صارف کو 8 اکتوبر سے قبل اپنا دعویٰ آن لائن دائر کرنا ہو گا، یہ ویب سائیٹ موبائل کمپنیوں کی شکایات اور ان پر ہرجانے کے دعوں کے لیے مخصوص ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں ایپل نے بیٹری گیٹ اسکینڈل کے باعث 50 کروڑ ڈالرز کا ہرجانہ دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی، بیٹری اور موبائل کے ساتھ یہ مسائل کئی برس سے جاری تھے۔
2017 میں کمپنی نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے ایسی سافٹ ویئر اپ ڈیٹس متعارف کرائی تھیں جن کے باعث پرانے آئی فون سست رفتار ہو گئے تھے، ایپل نے سرکاری طور پر اس کے لیے معافی مانگی تھی اور بیٹری تبدیل کرنے والے پروگرامز کی قیمتیں کم کر دی تھیں۔