تائیوان میں ہونے والا پتنگ بازی کا تہوار اس وقت خطرناک صورتحال اختیار کر گیا جب ایک 3 سالہ بچی ایک بہت بڑے پتنگ میں الجھ کر فضا میں معلق ہو گئی۔
تائیوان کے شہر شین چو میں پتنگ بازی کا عالمی تہوار منایا گیا جس میں یہ واقعہ پیش آیا، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی لوگ ایک بہت بڑے پتنگ کو اڑانے کی تیاری کر رہے ہیں اور وہ تیز ہواؤں کی وجہ سے پھڑپھڑا رہا ہے، جب پتنگ کو اڑانے کے لیے چھوڑا گیا تو ایک بچی بھی اس کی دم سے الجھ کر ہوا میں بلند ہو گئی۔
یہ نظارہ دیکھ کر ہر طرف چیخ و پکار شروع ہو گئی اور بھگدڑ مچ گئی، اس دوران بچی مسلسل پتنگ اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ادھر ادھر جھولتی رہی۔
30 سیکنڈ تک لڑکی ہوا میں ٹھہری رہی جس دوران پتنگ کو نیچے لایا گیا اور میدان میں کھڑے افراد بچی کو اس سے الگ کر کے زمین پر اتارنے میں کامیاب ہو گئے۔
بچی کو اس کی والدہ اور تہوار کے منتظمین نے فوراً اسپتال پہنچایا جہاں یہ دیکھ کر سب حیران رہ گئے کہ معجزاتی طور پر اسے معمولی زخموں کے سوا کوئی سنگین نقصان نہیں پہنچا تھا۔
تائیوان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بچی کی گردن اور چہرے پر معمولی خراشیں آئی ہیں۔
فیس بک پر ایک بیان میں شہر کے میئر نے واقعہ پر معافی مانگی اور بتایا کہ اس واقعہ کے فوری بعد تہوار کو معطل کر دیا گیا تاکہ شرکاء کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حالات کا جائزہ لیں گے تاکہ اس قسم کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں، ان افراد کی بھی جواب دہی ہو گی جن کی غفلت کے باعث ایسا ہوا۔