بھارتی ریاست آسام میں ہجوم نے بہیمانہ تشدد کے بعد ایک عورت اور مرد کے سر کاٹ دیے اور ان کے جسموں کو آگ لگا دی، گاؤں کے لوگوں کو دونوں پر کالا جادو کرنے کا شبہ تھا۔
یہ واقعہ آسام کے ضلع کربی انگلانگ میں پیش آیا، پولیس نے رونگٹے کھڑے کر دینے والے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
ایک پولیس افسر نے دی وائر کو بتایا کہ 29 ستمبر کو ایک نوجوان لڑکی رشمی گور نے روہیماپور گاؤں کے دو افراد راموتی اور بجوائے گور پر الزام لگایا کہ وہ ان کے کالے جادو کی وجہ سے بیمار ہوئی ہے۔
بعد ازاں بیماری کی وجہ سے اس لڑکی کی موت واقع ہو گئی جس کے 3 روز بعد گاؤں کی ایک اور لڑکی بیمار پڑ گئی اور اس نے بھی انہی 2 افراد پر کالے جادو کا الزام لگایا۔
اس کے بعد گاؤں کے لوگ اکٹھے ہوئے، دونوں کو تشدد کر کے مار ڈالا اور ان کے جسم گھسیٹ کر ساتھ موجود ایک پہاڑی پر لے گئے جہاں انہوں نے رشمی گور کی قبر کے ساتھ ان کے سر کاٹ دیے اور پھر انہیں آگ لگا دی۔
راموتی ایک 50 سالہ بیوہ تھی جبکہ بجوائے گور کی عمر 28 برس تھی۔
سینئر پولیس افسر اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ جنتو بوراہ اطلاع ملنے کے بعد اس جگہ پہنچے اور وہاں مقتولین کی باقیات کے نمونے حاصل کیے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقیوں کی تلاش شروع کر دی ہے، گرفتار ہونے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔