فیس بک کا پلیٹ فارم جب سے وجود میں آیا ہے اس کے صارفین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، 2020 کی دوسری سہ ماہی میں فیس کی جانب سے دیے گئے اعدادوشمار کے مطابق اس کے صارفین کی تعداد 2 ارب 70 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔
اگر اس میں انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک کے دیگر پلیٹ فارمز کو شامل کر لیا جائے تو یہ تعداد 3 ارب سے بھی بڑھ جاتی ہے۔
موت کائنات کی ایک اٹل حقیقت ہے، فیس بک استعمال کرنے والے جو افراد انتقال کر جاتے ہیں، ان کے اکاؤنٹس یا تو مردہ ہو جاتے ہیں یا پھر ان کا قریبی عزیز اس کا استعمال جاری رکھتا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس وقت فیس بک پر ایک کروڑ سے تین کروڑ اکاؤنٹس ایسے لوگوں کے ہیں جو اس جہان فانی سے گزر چکے ہیں۔
یہ بہت بڑی تعداد نہیں ہے اور اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا کو استعمال کرنے والوں کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، اسی طرح اس کا زیادہ استعمال ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں معیار زندگی بلند ہے اور اس کی وجہ سے اوسط عمر بھی بہت زیادہ ہے۔
اگر 3 کروڑ مردہ افراد کو 3 ارب صارفین پر تقسیم کیا جائے تو یہ تعداد صرف ایک فیصد بنتی ہے۔
یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ روزانہ 8 ہزار فیس بک صارفین انتقال کر جاتے ہیں، اس کے برعکس 5 لاکھ صارفین روزانہ اس پر نئے اکاؤنٹ بناتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ مردہ صارفین کی شرح مزید کم ہونے کاامکان ہے۔ لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔
فیس بک کے قبرستان کا مستقبل کیا ہے؟
یہ حقیقت ہے کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب مردہ صارفین کی تعداد زندہ کی نسبت زیادہ ہو جائے گی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ایسا کب ہو گا؟
حال ہی میں دو ریسرچرز کارل جے اومن اور ڈیوڈ واٹسن نے مختلف زاویوں سے اس سوال کا جواب دینے کی کوشش کی ہے۔
پہلا زاویہ
اگر فیس بک نئے صارفین کا داخلہ بند کر دے تو مردہ صارفین کی تعداد 50 سال بعد یعنی 2065 میں جا کر زندہ صارفین سے بڑھ جائے گی۔
اس منظرنامے کے تحت دیکھا جائے تو 2100 میں فیس بک پر مردہ افراد کے اکاؤنٹس کی تعداد 98 فیصد ہو جائے گی اور اسے استعمال کرنے والوں میں صرف 2 فیصد زندہ ہوں گے۔
دوسرا زاویہ
اگر فیس بک اپنی موجودہ رفتار کے ساتھ پھیلتا جائے تو یہ ہر سال 13 فیصد اضافہ بنتا ہے تاہم ایک وقت آئے گا جب تقریباً ہر انسان کا فیس بک اکاؤنٹ موجود ہو گا اور بڑھوتری رک جائے گی۔
اس صورت میں 2100 میں جا کر مردہ صارفین کی تعداد زندہ صارفین سے بڑھ جائے گی۔
ریسرچرز کا کہنا ہے کہ حقیقت ان دونوں زاویوں کے درمیان کہیں ہو گی۔
مردہ اکاؤنٹس کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟
مردہ اکاؤنٹس کے معاملے میں فیس بک نے دو آپشن دیے ہوئے ہیں۔
1۔ فیس بک ان اکاؤنٹس کو میموریل میں تبدیل کر دے گا اور اسے مردہ اکاؤنٹس کی فہرست میں ڈال دے گا۔
اس کا مطلب ہے کہ اکاؤنٹ تو موجود رہے گا اور اس پر سابقہ مواد بھی اہلخانہ، رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے موجود رہے گا۔
2۔ فیس بک پہلے مرحلے پر مردہ اکاؤنٹ کو فلیگ کر دے اور بعد ازاں اسے ڈیلیٹ کر دیا جائے۔